بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے خوشدل شاہ نے جمعہ کی شب قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں صرف 35 گیندوں پر سنچری بنا کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والے پاکستانی بیٹسمین بن گئے۔
روالپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جنوبی پنجاب کی طرف سے سندھ کے خلاف میچ میں کھیلی گئی اس دھواں دار اننگز میں آٹھ چوکے اور نو چھکے شامل تھے۔
ان سے قبل یہ ریکارڈ تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے احمد شہزاد کا تھا جنھوں نے سنہ 2012 میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں بریسال برنرز کی طرف سے ڈورونٹو راجشاہی کے خلاف ڈھاکہ میں 40 گیندوں پر سنچری سکور کی تھی۔
اس اننگز کی خاص بات یہ بھی تھی کہ خوشدل شاہ ایک انتہائی مشکل موقع پر کریز پر آئے تھے اور اس وقت ایسا معلوم ہو رہا تھا کہ جنوبی پنجاب کی ٹیم کا ہار کا تسلسل برقرار ہی رہے گا۔
سندھ کی ٹیم کی جانب سے 217 رنز کے ہدف کے جواب میں جنوبی پنجاب کے ساتویں ہی اوور میں 43 رنز کے سکور پر چار آوٹ ہو چکے تھے۔
ایسے میں خوشدل شاہ نے حسین طلعت کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 127 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی دو وکٹوں کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا حسین طلعت نے 62 رنز بنائے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ کرس گیل کے پاس ہے جنھوں نے 2013 میں رائل چیلنجرز بنگلور کی طرف سے پونے واریئرز کے خلاف 30 گیندوں پر سنچری مکمل کی تھی۔
میچ کے بعد خوشدل شاہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے حسین طلعت کے ساتھ یہ طے کر لیا تھا کہ ہر اوور میں کم ازکم دو باؤنڈریز لگانی ہیں اور اسی کوشش میں وہ ریکارڈ بھی قائم کرنے میں کامیاب ہو گئے لیکن سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ ان کی ٹیم نے اس ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’یہ ریکارڈ بنانا یقیناً میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ ہم اس سے پہلے بھی میچوں میں کانٹے کا مقابلہ کر رہے تھے لیکن ہم انھیں جیت نہیں پا رہے تھے، آج اس کارکردگی سے مجھے بہت حوصلہ ملا ہے۔ میں چاہتا ہوں کو مستقبل میں بھی اس طرح کی مزید اننگز کھیلوں۔
’یقیناً ایسی فتوحات میں آپ جشن بھی مناتے ہیں جن میں آپ اہم کردار ادا کریں۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم اپنے ہارنے کے تسلسل کو توڑنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔‘
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنی پہلی سنچری بنانے سے قبل انھوں نے بلوچستان کے خلاف ایک میچ میں چار چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 72رنز بنائے تھے۔
خوشدل شاہ کون ہیں؟
25 سالہ خوشدل شاہ کا تعلق بنوں سے ہے اور وہ گذشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف پرتھ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں تاہم اس میچ میں وہ صرف 8 رنز بنا سکے تھے۔
خوشدل شاہ نے اس سال پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی۔ ان کی سب سے عمدہ کارکردگی لاہور قلندرز کے خلاف رہی تھی جب انھوں نے چھ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 70 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز صرف 29 گیندوں پر کھیلی تھی۔
خوشدل شاہ انگلینڈ کے حالیہ دورے میں بھی پاکستانی ٹیم میں شامل تھے تاہم انگوٹھا زخمی ہوجانے کی وجہ سے وہ دورے میں کوئی میچ نہ کھیل سکے۔
خوشدل شاہ کا ون ڈے ریکارڈ بھی متاثر کن ہے اور وہ محدود اوورز کی کرکٹ میں 8 سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔
گذشتہ سال انھوں نے قائداعظم ون ڈے کپ میں فاٹا کی طرف سے کھیلتے ہوئے تین سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 463 رنز بنائے تھے۔
وہ جارحانہ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ لیفٹ آرم سپنر بھی ہیں اور ٹیم میں آل راؤنڈر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔
مبصرین کے مطابق پاکستانی ٹیم کو چھٹے ساتویں نمبر پر جس جارحانہ بیٹنگ کی ضرورت اس وقت محسوس ہو رہی ہے خوشدل شاہ اسے پورا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔