ہیڈلائن

کورونا وائرس: ملک میں مجموعی کیسز3 لاکھ 18 ہزار سے زائد، 3 لاکھ 3 ہزار صحتیاب

Share

پاکستان، دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں کورونا وائرس کی صورتحال خطے کےدیگر ممالک سے قدر بہتر ہے، تاہم گزشتہ کچھ روز سے کیسز کی تعداد بڑھی ہے اور موسم کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

مجموعی طور پر اب تک ملک میں 3 لاکھ 18 ہزار 266 افراد وائرس سے متاثر، 3 لاکھ 3 ہزار 62صحتیاب جبکہ 6 ہزار 558 انتقال کر چکے ہیں۔

پاکستان میں آج 10 اکتوبر کی دوپہر تک مزید 278 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور 4 مریض انتقال کر گئے جبکہ354 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 646 ہے۔

آج رپورٹ ہونے والے کیسز میں بلوچستان کے گزشتہ روز سامنے آنے والے 18 کیسز بھی شامل تھے جن کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 498 ہوگئی ہے۔تحریر جاری ہے‎

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد سے اب تک وبا کی صورتحال میں خاصی بہتری آچکی ہے لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں۔

اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ تشویش ناک صورتحال جون کے مہینے میں دیکھنے میں آئی، اس ماہ کے دوران یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد تک جا پہنچی تھیں۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن نظر آئی اور کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست اس میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی۔

گزشتہ ماہ میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بہتر ہونے کے بعد 6 ماہ سے زائد عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا تھا تاہم ستمبر کے اواخر سے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

آج 10 اکتوبر کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں آج کورونا وائرس سے مزید 154 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ 4 مریض انتقال کر گئے۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کے لیے قائم کردہ سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 154 نئے کیسز نے پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد کو ایک لاکھ 484 تک پہنچا دیا۔

دوسری جانب مزید 4 مریضوں کے وفات پا جانے سے پنجاب میں وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 252 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 88 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 17 ہزار 210 ہوگئے ہیں۔

گلگت بلتستان

ملک میں کورونا وائرس سے کم متاثرہ حصوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 7 افراد وائرس کا شکار بنے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز کے بعد وہاں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 900 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

وبا سے ملک کے سب سے کم متاثرہ علاقے آزاد کشمیر میں مزید 11 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

کووِڈ 19 پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق 11 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 2 ہزار 991 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں روز بروز صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 354 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 354 مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 3 ہزار 62 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 318266

اموات: 6558

صحتیاب: 303032

فعال کیسز: 8646