فیچرزہفتہ بھر کی مقبول ترین

نوکریاں کیسے حاصل کریں: معروف کمپنیوں کے سربراہان کے مشورے کیا ہیں؟

Share

کورونا وائرس نے معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

لیکن جو نوکریاں ابھی بھی موجود ہیں، ان کے لیے امیدوار خود کو کیسے نمایاں کر سکتے ہیں؟ ہم نے اس حوالے سے نو کمپنیوں کے سربراہان سے بات کی۔

ہولی ٹکر، ‘ناٹ آن دا ہائی سٹریٹ’ کی بانی کہتی ہیں: ‘مجھے حیران کریں ‘

Holly Tucker MBE, founder of Holly & Co and Notonthehighstreet

اگر آپ ہولی ٹکر کی کمپنی میں نوکری کے لیے درخواست دیں، تو یاد رکھیں کہ انھیں ‘تخلیقی صلاحیت والے افراد چاہیے ہیں۔’

وہ کہتی ہیں: ‘میں چاہتی ہوں کہ مجھے آپ حیران کریں اپنی درخواست سے، بھلے سے وہ کسی بھی شعبے میں نوکری کی درخواست ہو۔ میں دیکھنا چاہتی ہوں کہ کتنی احتیاط سے انھوں نے اپنی درخواست تیار کی ہے اور اس میں کیسے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کیا ہے۔’

انھوں نے کہا کہ ہاتھ سے لکھی گئی درخواست جس میں ایک اچھوتا ڈیزائن ہو، ایک اچھا آغاز ہے۔

‘میری پسندیدہ سی وی وہ ہوتی ہیں جس میں امیدوار نے اپنے کام کو شاندار طریقے سے پیش کیا ہو۔ کیا آپ ویڈیو ایڈیٹر ہیں؟ تو مجھے ویڈیو کی شکل میں سی وی بھیجیں۔ کیا آپ اینیمیٹر ہیں؟ تو اپنی سی وی اینیمیٹ کر کے بھیجیں۔’

جیکولین گولڈ ، این سمرز کی چیف ایگزیکیٹو: ‘رابطے میں رہیں’

Jacqueline Gold, Ann Summers boss

جیکولین گولڈ کہتی ہیں کہ آپ اپنی انڈسٹری کے لوگوں سے رابطے میں رہیں۔ اگر آپ اس میں لوگوں کو نہیں جانتے، تو ایسے افراد ڈھونڈیں جن کا آپ احترام کرتے ہیں اور انھیں پیغام بھیجیں۔ ان سے بات کریں اور روابط قائم کریں۔

یہ اس لیے ہے کیونکہ وہ اپنی ٹیم سے پوچھتی ہیں اگر وہ کسی کا نوکری کے لیے نام دینا چاہتے ہیں۔

‘اگر آپ لوگوں سے رابطے میں رہیں گے جن کی آپ عزت کرتے ہیں، تو وہ لوگ اچھے لوگوں کا نام دیں گے جب کبھی نوکریاں سامنے آئیں گی۔ اچھے لوگ اپنے جیسے لوگوں کو جانتے ہیں۔’

جیکولین گولڈ سمجھتی ہیں کہ آج کل حالات بہت دشوار ہیں۔

‘حالات کی وجہ سے لوگوں میں خود اعتمادی کی کمی ہو جاتی ہے۔ آپ خود کو ای میل کریں اور بتائیں کہ آپ نے اپنے کرئیر میں اب تک کیا حاصل کیا ہے۔ اور پھر جب آپ کسی اہم میٹنگ یا انٹرویو میں جائیں تو خود وہ ای میل پڑھیں اور خود کو بتائیں کہ آپ کتنے قابل ہیں۔ یہ آپ کا اعتماد بڑھائے گی۔’

کلئیر ولوٹی، نائم صدر ‘سنیپ’: ‘سوال پوچھیں کہ کیوں؟’

from Claire Valoti, VP International at Snap Inc

کلئیر ولوٹی کہتی ہیں کہ اگر آپ کو مسلسل مسترد کیے جانے والی ای میل مل رہی ہوں تو آپ پوچھیں کہ کیوں۔

‘ہر کوئی تو آپ کو شاید نہیں بتائے گا لیکن کوئی نہ کوئی جواب دے گا۔ یہ ضروری ہے کہ آپ معلوم کریں کہ کیا وجہ ہے کہ آپ کو نوکری نہیں مل رہی اور آپ خود کو بہتر کیسے کر سکتے ہیں۔

رابرٹ والٹرز، چیف ایگزیکیٹو: خود اعتمادی ضروری ہے

Robert Walters, CEO of Robert Walters PLC

ریکروٹمنٹ کمپنی ‘رابرٹ والٹرز’ کے سربراہ، رابرٹ والٹرز کہتے ہیں کہ وہ امیدواروں میں ان کی لوگوں میں گھلنے ملنے کی صلاحیت اور ان کی خود اعتمادی کی خوبیوں کو دیکھتے ہیں اور وہ کیسے لوگوں سے بات چیت کرتے ہیں۔

‘آج کل کے دور میں کاروبار کرنے کے لیے ضروری ہے کہ لوگوں سے ملاقاتیں کی جائیں اور تعلقات بنائے جائیں۔’

وہ کہتے ہیں کہ اگر آپ کو نوکری ملنے میں دشواری ہو رہی ہے تو آپ دوسری چیزیں سیکھیں اور اپنی قابلیت میں اضافہ کریں۔

‘میں ذاتی طور پر ان افراد سے متاثر ہوں جو، جب قسمت ان کا ساتھ نہ دے رہی ہو، تو وہ خیراتی کاموں میں مصروف ہو جاتے ہیں تاکہ کچھ نہ کچھ کر سکیں۔ وہ لوگ جو لگن سے کام کرتے ہیں اور کچھ سیکھنے کا جذبہ رکھتے ہیں، میں ایسے لوگوں کو ڈھونڈتا ہوں۔’