جمالیات

وسیم اکرم اور شنیرا کی شکایت پر ساحلِ سمندر کی صفائی

Share

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کراچی کے ساحل سمندر پر گندگی اور کچرے کے ڈھیر پر برہمی کے اظہار کے بعد اب سی ویو کی صفائی ہوگئی ہے۔

5 اکتوبر کی صبح کو شنیرا اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ سی ویو پر موجود تھیں اور ارد گرد کچرے کے ڈھیر تھے۔

وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے مختلف ٹوئٹس میں لکھا تھا کہ ہمارا شہر روزانہ ہمیں بتارہا ہے کہ وہ تکلیف میں ہے۔

انہوں نے لکھا تھا کہ ہم مدد کے لیے چیخ رہے ہیں لیکن کوئی ہماری آواز نہیں سن سکتا۔

شنیرا اکرم نے لکھا تھا کہ اس سب کو رکنا چاہیے، اس نے ہمارے شہر، ہمارے لوگ اور ثقافت کو شرمندہ کیا، یہ ہم نہیں ہیں۔

ایک اور ٹوئٹ میں شنیرا اکرم نے لکھا تھا کہ یہ گندگی صرف ساحل پر نہیں ہے، یہاں ہر جگہ کچرا موجود ہے۔

شنیرا اکرم نے لکھا تھا کہ یہ کچرا گلی، کوچوں، ہماری دکانوں کے باہر، دفاتر کے سامنے، اسکولز کے پاس، خالی زمین پر، ہمارے گھروں کے باہر، ہمارے واحد ساحل پر ہے اور ہمارے سمندر میں ہے، ہم اس میں تیر رہے ہیں۔

دوسری جانب وسیم اکرم نے بھی ٹوئٹر پر ایک ویڈیو جاری کی تھی اور سی ویو پر موجود کچرے کے ڈھیر پر برہمی کا اظہار کیا۔

وسیم اکرم نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ میں نے سوچا تھا کہ ہفتے کا پہلا دن ہے ساحل سمندر جا کر مزہ آئے گا لیکن میں نے اپنی بیوی کو سی ویو پر لا کر بہت بڑی غلطی کردی۔

انہوں نے ویڈیو میں سمندر پر موجود کچرا دکھاتے ہوئے مزید کہا کہ یہ حال دیکھیں، اس کچرے کا مورد الزام ہم نے کسی کو نہیں ٹھہرانا بلکہ بطور قوم خود کو الزام دینا ہے۔

وسیم اکرم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ شرمناک ہے، پوری دنیا کہتی ہے کہ پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے، لوگ خوبصورت ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ لوگ خوبصورت ہیں لیکن گندے بھی ہیں یہ بات تو مانیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ لوگ جنہیں سوشل میڈیا پر نصیحتیں کرتے ہیں تو اب وقت ہے نصیحتیں کرنے کا، یہ کچرا سمندر کے اندر سے آیا ہے، جو سمندر میں ڈالا جاتا ہے وہ بڑی لہر کے ساتھ باہر آتا ہے۔

وسیم اکرم کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی جس کے بعد ان کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ساحل سمندر کی صفائی مکمل کرلی گئی۔

حال ہی میں پاکستانی کرکٹ لیجنڈ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ سی ویو پر موجود ہیں اور وہاں کی صفائی مکمل ہوگئی ہے۔

وسیم اکرم نے اپنی ویڈیو میں سوشل میڈیا صارفین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ساحل سمندر پر موجود کچرے کی ویڈیو کو شیئر کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے ہفتے ہم نے جو ویڈیو بنائی تو اس کی وجہ سے اب کراچی کا ساحل صاف ہوگیا ہے۔

وسیم اکرم نےاپنی ویڈیو میں سی ویو کی صفائی کرنے والے عملے کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ روز صبح آکر ہمارا پھیلایا ہوا کچرا صاف کرتے ہیں۔

View this post on Instagram

Power of social media thanks to all of you .

A post shared by Wasim Akram (@wasimakramliveofficial) on

یاد رہے کہ گزشتہ برس وسیم اکرم کی اہلیہ نے کراچی کے ساحل سمندر پر کچرے سے متعلق شکایت کی تھی، شنیرا اکرم نے سی ویو کو عوام کے لیے خطرناک اور غیر محفوظ قرار دیا تھا جبکہ اپنی ٹوئٹس میں حیران کن ویڈیوز بھی شیئر کیں، جن میں سی ویو پر کچرے میں بڑی تعداد میں استعمال شدہ سرنجیں نظر آئی تھیں۔

انہوں نے اپنی پہلی ٹوئٹ میں لکھا کہ میں کراچی کی شہری ہونے کے ناطے کلفٹن کے ساحل کو خطرناک قرار دیتی ہوں اور مطالبہ کرتی ہوں کہ یہاں ایمرجنسی نافذ کردی جائے۔