Site icon DUNYA PAKISTAN

ٹوئٹر کے نظام میں خرابی، دنیا بھر کے صارفین متاثر

Share

انٹرنیٹ پر سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹوئٹر کی عالمی سطح پر سروس میں خرابی کے باعث دنیا بھر کے صارفین متاثر ہوئے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کے ‘اندورنی نظام میں’ چند تکنیکی مسائل پیدا ہوئے تھے جس کے باعث سروس متاثر ہوئی ہے۔

تاہم کمپنی کا یہ کہنا ہے کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ اس تعطل کی وجہ کوئی ہیکنگ یا سکیورٹی نظام میں دخل اندازی ہے۔

ٹوئٹر کی سروس میں معطلی کے باعث امریکہ اور برطانیہ میں صارفین ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک ٹوئٹر استعمال نہیں کر سکے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر کی سروس کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے اور چند صارفین اس کو استعمال کرنے کے قابل ہیں تاہم اس کا کہنا ہے کہ وہ ٹوئٹر ویب سائٹ پر کام کر رہے ہیں تاکہ ‘اسے سب کے لیے قابل استعمال’ بنایا جا سکے۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ کے مطابق ٹوئٹر کے نظام میں خرابی تقریباً رات 9:30 بجے شروع ہوئی تھی۔

ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ جاپان، آسٹریلیا، ارجنٹینا اور فرانس سمیت دنیا بھر سے صارفین کی جانب سے اس پلیٹ فارم کو استعمال نہ کر پانے کی اطلاعات تھی۔

صرف امریکہ میں ہزاروں صارفین نے سروس کی معطلی کے متعلق شکایات کیں۔ صارفین کو ٹوئٹر استعمال کرتے وقت ‘سم تھنگ وینٹ رانگ’ یعنی کچھ خرابی ہے، اور ‘ٹویٹ فیلڈ’ یعنی ٹویٹ مکمل نہیں ہو سکی کے پیغامات موصول ہونے کے ساتھ ساتھ ‘پلیز ٹرائے اگین لیٹر’ برائے مہربانی کچھ دیر بعد کوشش کیجیے کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔

انٹرنیٹ مانیٹرنگ گروپ نیٹ بلاکس نے تصدیق کی ہے کہ ٹوئٹر کے نظام کی معطلی کا واقعہ کسی بھی ‘ملکی سطح پر انٹرنیٹ میں خلل پڑنے یا فلٹرنگ سے متعلق نہیں تھا۔’

Exit mobile version