Site icon DUNYA PAKISTAN

2 سال پہلے میں نے کسی کو موٹا کہا یہ سچ نہیں ہے، آمنہ الیاس

Share

پاکستانی ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس نے نے باڈی شیمنگ Body Shaming (جسمانی ساخت کا مذاق اڑانا یا اس پر نکتہ چینی کرنا) سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کرنے پر تنقید کے بعد ردعمل دے دیا۔

آمنہ الیاس آج کل رنگ گورا کرنے والی کریمز کی تشہیر پر تنقید کررہی ہیں اور انہوں نے چند روز قبل باڈی شیمنگ کے خلاف بھی ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔

لیکن انہیں خود ہی اپنی ایک پرانی ویڈیو پر تنقید کا سامنا کرنا پڑگیا تھا۔

چند روز قبل انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو میں آمنہ الیاس نے باڈی شیمنگ کے خلاف ایک طنزیہ ویڈیو جاری کی تھی انہوں نے کیپشن میں لکھا تھا کہ یہ سب گھر سے شروع ہوتا ہے، رنگت اور موٹاپے سے متعلق مذاق اڑانے کی یہ پرانی اسکرپٹ ایک سے دوسری نسل میں منتقل ہوگئی ہے اور ہمیں لازمی طور پر مزید منتقل نہیں کرنا چاہیے۔

مختلف انداز میں بنائی گئی اس ویڈیو میں آمنہ الیاس نے کہا تھا کہ رنگت اور باڈی شیمنگ کوئی مذاق نہیں ہے یہ ایک بیماری ہے۔

جس کے بعد ویڈیو میں ایک خاتون کو آمنہ الیاس کو یہ کہتے ہوئے دیکھا گیا تھا کہ ’کالا، موٹا سا تمہارا دوست‘ ملنے آیا ہے۔

باڈی شیمنگ کے خلاف ویڈیو پیغام جاری کرنے کے بعد آمنہ الیاس کو ماضی میں آمنہ حق سے متعلق بیان پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اسکرین شاٹ

صارفین نے کمنٹس میں ماضی میں آمنہ الیاس کی جانب سے ماڈل آمنہ حق سے متعلق ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے تنقید کی تھی۔

سوشل میڈیا پر حسن شہریار یاسین(ایچ ایس وائے) ٹاک شو کا ایک پرانا ویڈیو کلپ بھی زیر گردش تھا جس میں ماڈلز آمنہ الیاس اور صدف کنول سیلیبریٹی کا نام بتانے کا ایک گیم کھیلتی دکھائی دے رہی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ جب پاکستان کی سابق سپرماڈل آمنہ حق سے متعلق پوچھا گیا تو آمنہ الیاس نے نشاندہی کی کہ ان کے وزن میں حیران کن طور پر اضافہ ہوا ہے۔

اس کے ساتھ ہی ویڈیو میں آمنہ الیاس اور صدف کنول کو اس تبصرے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

حال ہی میں یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ماڈل آمنہ حق نے آمنہ الیاس کے اس بیان پر ردعمل بھی دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ سچ بولا جانا چاہیے، اگر میرے بارے میں اس باڈی شیمنگ سے کسی کی زندگی میں خوشی آتی ہے تو آئے۔

بعدازاں آمنہ الیاس کی جانب سے ایک اور ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ’ لوگ کس منافقت کی بات کررہے ہیں؟ کیا بات کررہے ہیں کہ موٹا کہا ہے؟ کس نے کہا ہے؟ وہ تو میں ہوں ہی نہیں’۔

اب آمنہ الیاس نے انسٹاگرام پر ہی ایک اور ویڈیو جاری کی ہے اور اپنی پرانی ویڈیو پر ہونے والی تنقید کا جواب طنز و مزاح پر مشتمل ویڈیو میں دیا ہے۔

اداکارہ اور ماڈل نےکیپشن میں اس ویڈیو کو اپنا حتمی بیان قرار دیا، جس میں وہ پراٹھا بننے کا انتظار کرتی دکھائی دیتی ہیں اور طنز و مزاح پر مشتمل بیان کے ذریعے انہوں نے بتایا ہے کہ کس طریقے سے دوسروں کو باڈی شیمنگ کا نشانہ بناتے ہیں اور ایسا کرنے والوں کو شاید خود علم بھی نہیں ہورہا کہ وہ کسی کی رنگت یا جسامت پر بات کررہے ہیں۔

انہوں نے طنز کرتے ہوئے یہ بھی بتانے کی کوشش کی ہے کہ اگر کوئی ماضی میں غلط بات کرنے کے بعد صحیح بات کریں تو معاشرے میں اس چیز کو قبول نہیں کیا جاتا۔

اپنی اس ویڈیو میں انہوں نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ لوگوں سے میں نے بات نہیں کرنی کیونکہ آپ لوگوں کی وجہ سے میں ساری رات نہیں سوئی‘۔

آمنہ الیاس نے کہا کہ ’ 2 سال پہلے میں نے کسی کو موٹا کہا یہ سچ نہیں ہے، ٹی وی، میڈیا، بلاگرز سب کو نظرانداز کریں سچ کیا ہے یہ میں آپ کو بتاتی ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ ہمارا ایک باورچی تھا نعمان جو لنگڑاتا تھا، میں اسے لولا نومی کہتی تھی، اس وقت میں 6 سال کی تھی، میری کزن کی بیٹی پیدا ہوئی 2 سال تک میں نے اسے گود میں نہیں اٹھایا، میں کہتی تھی ہائے! کتنی پھینی ہے اس وقت میں 12 سال کی تھی‘۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’ میرے اسکول ٹیچر توتلے تھے ان سے اکثر میں توتلی زبان میں پوچھتی تھی چھٹی کب ملے گی، اس وقت میں 15 سال کی تھی‘۔

آمنہ الیاس نے نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ’ میرا بیسٹ فرینڈ کہتا تھا کہ تم مجھے اتنا نظرانداز کیوں کرتی ہو اور میں کہتی تھی کہ ’تو اتنا ٹڈا ہے کہ نظر ہی نہیں آتا‘۔

انہوں نے اپنی اس طنزیہ ویڈیو میں کہا کہ ’ میں نے اپنے پڑوسی سے کہا بال لگوالو، اپنی کام والی سے کہا دانت لگوالو اور ایک دن میری بہن کا دوست شام میں اس سے ملنے آیا تو میں نے کہا وہ دیکھو شام میں رات آئی ہے‘۔

آمنہ الیاس نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’سوچیں میں کسی کو کالا کہہ رہی ہوں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی کسی کو موٹا نہیں کہا، ہاتھی، گینڈا، سانڈ جیسے لفظ استعمال کیے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے حال ہی اپنی ایک ویڈیو میں کہا کہ وہ میں نہیں ہوں اور وہ سچ ہے کیونکہ وہ میں نہیں ہوں، وہ میں تھی۔

آمنہ الیاس نے کہا کہ ’ اپنی ماں کے پیٹ سے کوئی اخلاقیات سیکھ کر نہیں آتا اور برائے مہربانی مجھے نہیں بتائیں کہ آپ لوگوں نے کبھی یہ باتیں نہیں کیں لیکن مجال ہے کہ کسی کو سپورٹ کریں‘۔

اداکارہ و ماڈل نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ’ اس نے 1947 میں غلط بات کی تھی آج یہ صحیح بات کیسے کرسکتی ہے؟ اسے شرم آنی چاہیے، اس کی ہمت کیسے ہوئی؟’۔

بعدازاں انہوں نے اپنی ویڈیو میں سابق ماڈل آمنہ حق کو مخاطب کیا اور کہا کہ ’آمنہ حق، جو میں نے کیا اسے بدل نہیں سکتی، میں اس درد کو ختم نہیں کرسکتی جو شاید میں نے آپ کو پہنچایا ہو لیکن میں ہر دن خود کو بہتر بنانے کی کوشش کررہی ہوں ‘۔

اور مداحوں سے کہا کہ ’ آپ سب کے لیے آخری بار کہہ رہی ہوں وہ میں نہیں تھی‘۔

اپنی بات ختم کرنے کے بعد انہوں نے طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں بنی اس ویڈیو میں اپنے پاس رکھی پلیٹ میں موجود پراٹھے کو دیکھا اور کہا کتنا موٹا پراٹھا ہے، یہ تو جل کر کالا بھی ہوگیا ہے۔

Exit mobile version