ہیڈلائن

کیپٹن صفدر: ’مزار قائد کی بیحرمتی‘ پر مریم نواز سمیت دو سو افراد کے خلاف ایف آئی آر، کیپٹن صفدر گرفتار

Share

پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کا کہنا ہے کہ کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں مقامی پولیس نے اُن کے کمرے میں زبردستی داخل ہو کر ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کر لیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی اطلاع دیتے ہوئے مریم نواز نے ایک ویڈیو بھی ری ٹوئیٹ کی ہے جس میں کمرے کا لاک ٹوٹا ہوا زمین پر پڑا ہے۔

گرفتاری سے قبل کراچی کے تھانہ بریگیڈ میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر سمیت دو سو افراد کے خلاف مزارِ قائد کی مبینہ بیحرمتی اور وہاں توڑ پھوڑ کے الزامات کے تحت ایف آئی آر کا اندارج کیا گیا تھا۔

وقاص احمد خان نامی شہری کی مدعیت میں درج کیے گئے اس مقدمے میں یہ الزام میں عائد کیا گیا ہے کہ مریم نواز، کیپٹن صفدر اور دیگر افراد نے بانی پاکستان محمد علی جناح کی قبر کی بیحرمتی بھی کی۔

مریم نواز

یاد رہے کہ گذشتہ شب گیارہ جماعتی حکومت مخالف اتحاد، پی ڈی ایم کا جلسہ کراچی کے جناح باغ میں منعقد ہوا تھا اور مریم نواز اور کپٹن صفدر اسی سلسلے میں کراچی میں موجود ہیں۔

گذشتہ روز کراچی پہنچنے پر مریم نواز نے کیپٹن صفدر اور پارٹی کارکنان کے ہمراہ مزارِ قائد کا دورہ کیا تھا اور وہاں فاتحہ خوانی کی تھی جس دوران کیپٹن صفدر احاطہ مزار میں نعرے بلند کرتے نظر آئے تھے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہنا ہے کہ ’سندھ پولیس کا کیپٹن صفدر کی گرفتاری کا عمل قانون کے احترام کا بیانیہ ہے۔‘

فواد چوہدری، صفدر گرفتاری

ایف آئی آر کے مطابق یہ مقدمہ مزارِ قائد پروٹیکشن اینڈ مینٹینینس آرڈر 1971 کے تحت درج کی گئی ہے۔

گرفتاری کے موقع پر بنائی گئی کیپٹن صفدر کی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انھیں پولیس وین میں بٹھایا جا رہا ہے جس سے قبل وہ وہی نعرے دہرا رہے ہیں جو انھوں نے مزار قائد میں بلند کیے تھے۔ ’ووٹ کو عزت دو‘ ’مادرِ ملت زندہ باد‘ اور ’ایوبی مارشل لا مردہ باد۔‘