جمالیات

علی کاظمی کی سیاست، خانہ جنگی اور جنسیت پر بنی فلم ’فنی بوائے‘

Share

کینیڈین نژاد پاکستانی اداکار علی کاظمی کے مرکزی کردار پر مبنی سری لنکا کی خانہ جنگی، سیاست اور نوجوان لڑکے کے جنسی رجحانات پر مبنی فلم ’فنی بوائے‘ کو رواں برس دسمبر میں نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا جائے گا۔

شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے مطابق سری لنکن نژاد کینیڈین ناول نگار شیام سلوادرئی کے 1994 میں شائع ہونے والے ناول ’فنی بوائے‘ پر بنائی گئی فلم کو 10 دسمبر کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا جائے گا۔

’فنی بوائے‘ کی ہدایات معروف بھارتی فلم ساز دیپا مہتا نے دی ہیں، جنہوں نے ماضی میں ’فائر، واٹر، ارتھ اور مڈنائٹ چائلڈ‘ جیسی معروف فلمیں بنائی ہیں۔

’فنی بوائے‘ کی کہانی 1970 سے 1980 کے وقت کی ہے، تاہم لکھاری نے اس طرح بیان کیا ہے کہ وہ آج بھی نئے دور کی کہانی لگتی ہے۔تحریر جاری ہے‎

’فنی بوائے‘ فلم میں سری لنکا میں تامل اور سنہالی قوم میں ہونے والی خانہ جنگی اور سیاست کو دکھایا گیا ہے، ساتھ ہی تامل گھرانے کے ایسے نوجوان کے جنسی رجحانات کو بھی دکھایا گیا ہے جو بے جا پابندیوں کے باعث ہم جنس پرست بن جاتا ہے۔

فلم کی کہانی 1994 میں شائع ہونے والے فنی بوائے ناول سے ماخوذ ہے—فوٹو: فیس بک
فلم کی کہانی 1994 میں شائع ہونے والے فنی بوائے ناول سے ماخوذ ہے—فوٹو: فیس بک

’فنی بوائے‘ میں گھر کی بے جا پابندیوں کے باعث ہم جنس پرست بن جانے والے لڑکے کے والد کا کردار پاکستانی نژاد کینیڈین اداکار علی کاظمی نے ادا کیا ہے، جو اس سے قبل بھی متعدد انگریزی اور اردو فلموں میں شاندار اداکاری کر چکے ہیں۔

’فنی بوائے‘ کی شوٹنگ سری لنکا میں ہی کی گئی اور فلم میں سری لنکا کی خانہ جنگی اور سیاست دکھانے کی وجہ سے اسے شوٹنگ میں مشکلات کا بھی سامنا رہا اور فلم کو مکمل ہونے میں چند سال لگے۔

ابتدائی طور پر خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم کو سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا، تاہم اب فلم کی پروڈکشن کمپنی نے نیٹ فلیکس کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے اور اسے 10 دسمبر کو امریکا، برطانیہ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا جائے گا۔

’فنی بوائے‘ کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کرنے کے علاوہ سینما میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔

’فنی بوائے‘ میں کام کرنے کے حوالے سے علی کاظمی نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک مختلف فلم میں کام کرنے کا موقع ملنے پر خوش ہیں، کیوں کہ مذکورہ فلم میں بھارتی، پاکستانی، کینیڈین، سری لنکن اور برطانوی اداکاروں نے کام کیا ہے۔

علی کاظمی نے بتایا کہ ’فنی بوائے‘ میں کام کرنے والے وہ واحد پاکستانی اداکار ہیں اور وہ فلم میں ایک تامل والد کا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے فلم میں اچھی اداکاری کرنے کے لیے نہ صرف تامل بلکہ سنہالی اور برٹش کولمبو انگلش زبان بھی سیکھی اور ساتھ ہی لفظوں کی ادائگی کے وقت جسمانی تحرک سے متعلق بھی بہت ساری چیزیں سیکھیں۔

’فنی بوائے‘ کا تاحال ٹریلر ریلیز نہیں کیا گیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اب جلد ہی اس کا ٹریلر ریلیز کردیا جائے گا۔