سائنس

حکومت کا پبلک ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا منصوبہ

Share

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت میٹرو پولیٹن شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر کام کررہی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق فواد چوہدری نے برطانوی کمپنی ای جی وی کے ساتھ مقامی طور پر الیکٹرک بسوں کی تعمیر کے حوالے سے مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کا چارجنگ اسٹیشن متعارف کرانے کے بعد حکومت پورے ملک میں موٹروے پر الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشن لگانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ای جی وی جو یورپ کی سب سے بڑی الیکٹرک بسیں بنانے والی کمپنی ہے، وہ پاکستان میں بھی الیکٹرک گاڑیوں کی اسمبلنگ کرے گی۔‎

انہوں نے کہا کہ یہ الیکٹرک بسوں کو بنانے کے حوالے سے حکومت کا غیر ملکی کمپنی کے ساتھ ہونے والا دوسرا معاہدہ ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں لاہور میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جس کے بعد کراچی اور اسلام آباد میں چلائی جائیں گی، ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 10 برسوں میں 40 فیصد پبلک ٹرانسپورٹ الیکٹرک پر منتقل ہوجائے گی۔

اس موقع پر انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے شروع کردہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 60 ارب روپے خرچ کیے جبکہ موجودہ حکومت کو اس منصوبے کے لیے 12 ارب روپے کی سالانہ سبسڈی دینا ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ 2، 3 برسوں کے دوران موٹروے کا تمام نیٹ ورک الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ پر منتقل ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ رواں سال سے بیٹری سے چلنے والی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔

علاوہ ازیں پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی ویلیو چین بنانے کے لیے ڈائیوو پاکستان ایکسپریس بس سروس لمیٹڈ اور (چینی کمپنی) اسکائی ویل آٹوموبائل نے اسٹریٹجک الائنس معاہدے پر دستخط کیے۔