دنیا کی مقبول ترین کمپیوٹر ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے انٹرنیٹ کی پہچان بننے والے دنیا کے پرانے اور مقبول ترین براؤز ‘انٹرنیٹ ایکسپلورر’ کو رواں سال نومبر میں سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اگست میں مائیکرو سافٹ نے اپنے بلاگ میں واضح کیا کہ ‘انٹرنیٹ ایکسپلورر’ کو 17 اگست 2020 کو باضابطہ طور پر بند کردیا گیا تاہم رواں برس 30 نومبر تک مذکورہ براؤزر استعمال کرنے والے صارفین کو اپڈیٹ فراہم کرتی رہے گی۔
اسی مقصد کے لیے ایک فورس ونڈوز اپ ڈیٹ استعمال کرکے ونڈوز کمپیوٹرز میں کرومیم ایج براؤزر انسٹال بھی کیا گیا۔
مگر اگلے ماہ سے مائیکرو سافٹ کی جانب سے کمپیوٹر کو انٹرنیٹ ایکسپلورر کے استعمال پر خودکار طور پر سیکڑوں ویب سائٹس ایج پر لانچ کرنے پر مجبور کیا جائے گا۔تحریر جاری ہے
زی ڈی نیٹ کی رپورٹ کے مطابق حالیہ مہینوں میں مائیکرو سافٹ کی جانب سے خاموشی سے ایک نئی ڈی ڈی ایل فائل کا اضافہ ایج انسٹالیشن کے اندر کیا گیا۔
یہ ڈی ڈی ایل فائل ایک براؤزر ہیلپر آبجیکٹ (بی ایچ او) ہے، اس طرح کی فائلز عام طور پر انٹرنیٹ ایکسپلورر کے پلگ انز کا کام کرتی ہیں۔
اس کے نتیجے میں پرانے براؤزر پر 1156 ویب سائٹس اوپن کرنے کی کوشش کرنے پر وہ خودکار طور پر ایج پر لانچ ہوں گی۔
ان میں متعدد بڑی ویب سائٹس بشمول فیس بک، انسٹاگرام، ٹوئٹر، یوٹیوب، متعدد گوگل پراڈکٹس، مائیکرو سافٹ ٹیمز اور دیگر شامل ہیں، جو انٹرنیٹ ایکسپلورر کی بجائے ایج پر اوپن ہوں گی۔
مائیکرو سافٹ ایف اے کیو پیج کے مطابق یہ تبدیلی مائیکروسافٹ ایج کے ورژن 87 میں متعارف کرائی جارہی ہے جو نومبر کے وسط میں پیش کیا جارہا ہے۔
اس کے بعد ایج خودکار طور پر انٹرنیٹ ایکسپلورر کے براؤزنگ ڈیٹا کو اپنی جانب منتقل کرنے کی کوشش کرے گا۔
خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ نے ابتدائی طور پر 25 سال قبل 1995 میں ‘انٹرنیٹ ایکسپلورر’ براؤزر کو متعارف کرایا تھا اور اس وقت وہی اکیلا براؤزر تھا۔
‘انٹرنیٹ ایکسپلورر’ کئی سال تک انٹرنیٹ کی پہچان بنا رہا تاہم 2004 میں موزیلا فاؤنڈیشن نے اس کے ٹکر میں فائر فوکس کو باضابطہ طور پر متعارف کرایا۔
اگرچہ فائر فوکس براؤزر 2002 میں ہی بن چکا تھا تاہم اسے عام صارفین کے لیے 2004 میں متعارف کرایا گیا۔
فائر فوکس کے بعد گوگل نے 2008 میں گوگل کروم براؤزر کو متعارف کراکر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
فائر فوکس اور گوگل کروم کے بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر کو لوگ تقریبا بھول ہی گئے تھے تاہم مائیکرو سافٹ نے نئے براؤزر ایج کو گوگل کروم جیسا بنا کر اس حوالے سے اپنی بادشاہی واپس لینے کی کوشش کی۔