Site icon DUNYA PAKISTAN

راحت فتح علی خان کا ’نشہ‘ لوگوں کو مدہوش کرگیا

Share

تین دن قبل ہی شہرت یافتہ گلوکار و موسیقار استاد راحت فتح علی خان کے یوٹیوب پر 50 لاکھ سبسکرائبرز ہوگئے تھے اور انہوں نے ایک سنگ میل عبور کیا تھا۔

اور اب ان انہوں نے نیا گانا ’نشہ‘ ریلیز کرکے موسیقی کے شائقین کو مدہوش کردیا۔

استاد نصرت فتح علی خان نے 5 نومبر کو ’نشہ‘ جاری کیا، جسے اب تک ان کے یوٹیوب چینل پر ڈھائی لاکھ کے قریب بار دیکھا جا چکا ہے۔

استاد راحت فتح علی خان نے رواں برس کورونا کی وبا کے باوجود نہ صرف گانے جاری کیے بلکہ انہوں نے دعائیہ کلام بھی جاری کرکے مداحوں کو محظوظ کیا۔‎

’نشہ‘ سے کچھ دن قبل ہی راحت فتح علی خان نے اداکار عدنان صدیقی کا کمپوز کردہ دعائیہ کلام ‘وتعز من تشاء ‘ جاری کیا تھا۔

راحت فتح علی خان نے اکتوبر کے آخری ہفتے میں ‘وتعز من تشاء ‘ جاری کیا تھا جب کہ اس سے قبل جولائی میں انہوں نے رومانوی گانا ‘غم عاشقی تیرا شکریہ’ ریلیز کیا تھا۔

رومانوی گانے ‘غم عاشقی تیرا شکریہ’ سے قبل راحت فتح علی خان نے کورونا کی وبا پر دعائیہ کلام ’اے خدا ہمیں بخش دے‘ ریلیز کیا تھا۔

استاد راحت فتح علی خان نے رواں برس جون میں دعائیہ کلام ’اے خدا ہمیں بخش دے‘ کو جاری کیا تھا اور ان کے تمام گانے اور دعائیں کورونا کی وبا کے باوجود لوگوں میں مقبول ہوئے۔

اب انہوں نے رومانوی گانا ’نشہ‘ جاری کردیا، جسے ایک بار پھر سلمان احمد نے پروڈیوس کیا ہے۔

’نشہ‘ کی شاعری جاوید احمد نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات جوسن سندیپ نے دی ہیں۔

’نشہ‘ گانے کی ویڈیو میں نوجوان لڑکی اور لڑکوں کو ایک دوسرے کے حسن و محبت میں کھویا ہوا دکھایا گیا ہے اور انہیں اپنے علاوہ کسی دوسری چیز کی خبر نہیں۔

گانے کی ویڈیو کی طرح اس کی میوزک کو بھی کافی سراہا جا رہا ہے۔

’نشہ‘ کو راحت فتح علی خان کے آفیشل یوٹیوب چینل پر ڈھائی لاکھ بار تک دیکھا جا چکا ہے اور ان کے یوٹیوب پر متعدد گانوں کو 50 لاکھ کے قریب بار دیکھا جا چکا ہے۔

راحت فتح علی خان اب تک 50 سے زائد میوزک ایلبم ریلیز کر چکے ہیں جب کہ وہ بھارتی فلموں میں بھی 100 سے زائد گانے گا چکے ہیں۔

راحت فتح علی خان نے میوزک ایلبمز کے علاوہ بھی درجنوں سنگل گانے ریلیز کیے، جب کہ انہوں نے قوال سمیت نعتیہ اور حمدیہ کلام بھی ریلیز کیے۔

محض 7 سال کی عمر میں گلوکاری کا آغاز کرنے والے استاد راحت فتح علی خان کو ان کے استاد نصرت فتح علی خان کی وفات کے بعد سب سے زیادہ شہرت ملی اور انہیں ان کی آواز قرار دیا گیا۔

راحت فتح علی خان نے اپنے استاد نصرت فتح علی خان کے درجنوں مقبول گیتوں کو دوبارہ گا کر نہ صرف موسیقی کے شائقین کو محظوظ کیا بلکہ انہوں نے ان ہی گیتوں کی بدولت ایک نیا مقام بھی حاصل کیا۔

Exit mobile version