اگر تو آپ چند سال پرانے اینڈرائیڈ فونز استعمال کررہے ہیں، خاص طور پر ایسی ڈیوائسز جن میں اینڈرائیڈ 7 یا اس سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹم موجود ہیں، تو انہیں ایک بڑے دھچکے کے لیے تیار ہوجانا چاہیے۔
یقین کرنا مشکل ہوگا تاہم اگر آپ اپنے پرانے اینڈرائیڈ فون پر زیادہ وقت ویب سائٹس پر اسکرولنگ کرتے ہوئے گزارتے ہیں تو اب وقت آگیا ہے کہ نیا فون لے لیں۔
دنیا کی بڑی سرٹیفکیٹ اتھارٹیز میں سے ایک نے خبردار کیا ہے کہ اگر آپ اینڈرائیڈ نوگیٹ 7.1.1 سے پہلے والے اینڈرائیڈ فونز استعمال کررہے ہیں، تو 2021 میں متعدد سیکیور یا محفوظ سائٹس تک رسائی سے محروم ہوجائیں گے۔
اینڈرائیڈ پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ موزیلا پارٹنر لیٹس انکرپٹ نے بتایا کہ اس کی اپنی ساتھی سرٹیفکیٹ اتھارٹی آئی ڈین ٹرسٹ سے شراکت داری یکم ستمبر 2021 سے ختم ہورہی ہے۔
چونکہ دونوں کے درمیان کراس شیئرنگ معاہدے کی توسیع کا کوئی منصوبہ ننہیں، اس لیے لیٹس انکرپٹ کی جانب سے آئی ڈین ٹرسٹ کے روٹ سرٹیفکیٹ کے لیے ڈیفالٹ کراس سائننگ کو روک دیا جائے گا۔
یہ روٹ سرٹیفکیٹ متعدد سیکیور ویب سائٹس تک رسائی کے لیے استعمال ہوتا ہے اور 11 جنوری 2021 سے سرٹیفکیٹ کو روک دیا جائے گا جبکہ کراس سائننگ پارٹنر شپ یکم ستمبر کو مکمل طور پر ختم ہوجائے گی۔
یہ جان کر دھچکا لگے گا مگر ایک تہائی ویب ڈومین اس ادارے کے سرٹیفکیٹس پر انحصار کرتے ہیں۔
لیٹس انکرپٹ کے مطابق اس وقت 33.8 فیصد اینڈرائیڈ صارفین اینڈرائیڈ 7.1 سے پرانے آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے فونز استعمال کررہے ہیں۔
کمپنی کے مطابق بیشتر فونز کے سافٹ ویئر 2016 سے اپ ڈیٹ نہیں ہوئے، اور ان کے روٹ سرٹیفکیٹ پر اب بھروسا نہیں کیا جاسکتا۔
ایسے صارافین کے لیے ویب سرفنگ کے لیے واحد راستہ موزیلا کو انسٹال کرنا ہوگا جو کہ اپنے سرٹیفکیٹ اسٹور پر انحصار کرنے والا براؤزر ہے، جسس میں لیٹ انکرپٹ کا روٹ سرٹیفکیٹ بھی ہے۔
33 فیصد سے زیادہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کا مطلب یہ ہے کہ کروڑوں افراد اگلے سال متعدد ویب سائٹس تک رسائی سے محروم ہوجائیں گے۔
اس سے بچنے کا ذریعہ یہی ہوگا کہ وہ نیا اسمارٹ فون خرید لیں یا ان فونز کی کمپنیاں اپ ڈیٹ جاری کردیں جس کا امکان بہت کم ہے۔
اینڈرائیڈ فونز تیار کرنے والی کمپنیاں اکثر آپریٹنگ سسٹمز کو اپ ڈیٹ نہیں کرتیں یا محدود عرصے تک ایسا ہوتا ہے۔