ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات میں پیش رفت، 2 گواہان کے بیانات قلمبند
کینیا میں پاکستانی صحافی ارشد شریف کے قتل کی تفتیش کے لیے دارالحکومت نیروبی میں 2 گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نجی ٹی وی چینلز نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی نے نیروبی میں خرم احمد سے ملاقات کی جو اپنے بھائی وقار احمد اور مقتول صحافی کے زیراستعمال گاڑی کے مالک ہیں۔
انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ایک ایک اہلکار پر مشتمل یہ کمیٹی اس قتل کی تحقیقات کے لیے اس وقت کینیا میں موجود ہے۔
چینلز کی اطلاعات کے مطابق ارشد شریف جس جگہ ٹھہرے تھے وہ ان دونوں بھائیوں کی ملکیت ہے تاہم آئی بی یا ایف آئی اے کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ کمیٹی نے ان سے پوچھ گچھ کی ہے۔
ٹیلی ویژن رپورٹس میں کہا گیا کہ خرم احمد اور وقار احمد نے ارشد شریف کے قتل کو غلط شناخت کا نتیجہ قرار دیا۔
وقار احمد نے مبینہ طور پر تحقیقاتی ٹیم کو بتایا کہ انہوں نے اپنے ایک دوست کے کہنے پر ارشد شریف کی میزبانی کی تھی لیکن انہوں نے اس شخص کا نام نہیں بتایا جس کے کہنے پر انہوں نے ارشد شریف کو رہائش فراہم کی تھی۔
ٹیلی ویژن چینلز کے مطابق وقار احمد نے کہا کہ ’میں ارشد شریف سے صرف ایک بار نیروبی کے باہر ان کے لاج میں کھانے کے دوران ملا تھا‘۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وقار احمد نے کہا کہ ’واقعے کے روز (23 اکتوبر کو) ارشد نے ہمارے ساتھ ہمارے لاج میں کھانا کھایا، کھانے کے بعد ارشد میرے بھائی خرم کے ساتھ گاڑی میں چلا گیا اور 30 منٹ بعد گاڑی پر فائرنگ کی اطلاع ملی‘۔
وقار احمد نے مبینہ طور پر تحقیقاتی ٹیم کو بتایا کہ ’فائرنگ میں میرا بھائی خرم احمد معجزاتی طور پر بچ گیا، ہم نے ارشد شریف کا آئی پیڈ اور موبائل فون کینیا کے حکام کے حوالے کر دیا‘۔
نیوز چینل کے مطابق دونوں بھائیوں نے پاکستانی تفتیشی افسران کو بتایا کہ ’ارشد شریف نیروبی منتقل ہونے کا سوچ رہے تھے اور اس مقصد کے لیے انہوں نے اپنے ویزے کی مدت میں توسیع بھی کروائی تھی‘۔
کینیا کی پولیس کے مطابق ارشد شریف کو 23 اکتوبر کو نیروبی میں اس وقت قتل کیا گیا جب کار چوروں کے تعاقب میں تعینات پولیس نے گاڑی روکنے کی وارننگ کو نظر انداز کرنے اور ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے پر ارشد شریف کی گاڑی پر فائرنگ کر دی تھی، پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا کہ گاڑی پر فائرنگ کو ‘غلط شناخت’ کا نتیجہ سمجھا جا رہا ہے۔
ارشد شریف کے قتل نے پاکستان میں شدید غم و غصے کو جنم دیا اور تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا، حکومت نے ان مطالبات پر توجہ دیتے ہوئے 2 رکنی انکوائری ٹیم تشکیل دی اور اسے نیروبی روانہ کیا۔
دریں اثنا پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے ’صحافیوں کے خلاف جرائم سے خاتمے کا عالمی دن‘ ارشد شریف کے نام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ ہر سال اقوام متحدہ کی جانب سے نامزد کردہ یہ دن 2013 میں مالی میں قتل ہونے والے 2 فرانسیسی صحافیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق 2 نومبر کو اس عالمی دن کے موقع پر رکن ممالک پر زور دیا جائے گا کہ وہ صحافیوں کے خلاف جرائم سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں۔
پاکستان میں یہ مسئلہ 2006 سے اہمیت اختیار کر گیا ہے جہاں 2006 سے اب تک 80 سے زائد صحافی دوران ڈیوٹی مارے جا چکے ہیں۔