Site icon DUNYA PAKISTAN

ورلڈ کپ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے پر صدر، وزیر اعظم کی ٹیم کو مبارکباد

Share

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جس کے بعد صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 128 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے 11 بالز قبل حاصل کرلیا اور قومی ٹیم گروپ 2 کے فائنل ٹو میں بھارت کے ساتھ شامل ہوگئی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘بہت اعلی! غیرمعمولی باصلاحیت، خوش قسمت پاکستانی، اللہ کا شکر ہم سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔’

ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کی زبردست باؤلنگ، آپ پاکستان کا اثاثہ ہیں، اللہ جانتا ہے کہ ہمیں بےچینی کے حالات میں اس خوشخبری کی اشد ضرورت تھی، گرین شرٹس کو سیمی فائنل کے لیے نیک خواہشات، ان شا اللہ ہم جیتیں گے۔’

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے وزیر اعظم شہباز شریف کی پرانی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’کہا تھا نا! ٹیم کی واپسی ہوگی’

اس پر شہباز شریف نے مسلم (ن) کے آفیشل پیج کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اپنی دل کی گہرائیوں سے یقین رکھتا ہوں کہ ٹیم دوبارہ اپنی بہترین پرفارمنس دے گی اورپاکستان صرف کرکٹ میں ہی نہیں بلکہ ہر میدان میں واپس کامیابیاں حاصل کریں گے۔‘

خیال رہے کہ 28 اکتوبر کو ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی زمبابوے کے ہاتھوں شکست کے بعد زمبابوے کے صدر ایمرسن ڈیمبڈزو مننگواگا نے اپنی ٹیم کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو پیغام دیا ہے کہ اگلی بار اصلی مسٹر بین کو زمبابوے بھیجیے گا۔

زمبابوین صدر کا یہ انداز پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ وزیراعظم شہباز شریف کو بھی ہرگز پسند نہ آیا اور انہوں نے صدر ایمرسن کو اس کا بھرپور جواب دیا تھا۔

شہباز شریف نے انہیں بھرپور جواب دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘ہمارے پاس حقیقی مسٹر بین نہیں ہے لیکن ہمارے پاس حقیقی کرکٹ اسپیرٹ ہے ، اور ہم پاکستانیوں کی ایک دلچسپ عادت ہے کہ ہم پلٹ کر جواب دیتے ہیں۔’

Exit mobile version