کھیل

ندا ڈار اکتوبر کے لیے آئی سی سی کی بہترین ویمن کرکٹر قرار

Share

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی آل راؤنڈر ندا ڈار کو ویمنز ایشیا کپ کے دوران شان دار کارکردگی پر اکتوبر کے لیے بہترین ویمن کرکٹر قرار دے دیا۔

آسٹریلیا میں کھیلے جارہے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران آئی سی سی نے اکتوبر کے بہترین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا جہاں مردوں کی کرکٹ میں بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو اچھی کارکردگی پر مہینے کے لیے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا۔

آئی سی سی سے جاری بیان کے مطابق ویرات کوہلی اور ندا ڈار دونوں کو عالمی سطح پر میڈیا کے نمائندوں، آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل افراد، سابق بین الاقوامی کھلاڑیوں اور شائقین کے ووٹ کے بعد منتخب قرار دیا گیا ہے۔

رواں برس کے اوائل میں ویمنز ایشیا کپ کے دوران ندا ڈار نے 72.50 کی اوسط سے 145 رنز بنائے تھے اور 8 اہم وکٹیں حاصل کرلی تھیں۔

ندا ڈار نے بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں بھارت کے خلاف تاریخی جیت میں بہترین کارکردگی دکھائی تھی، جہاں پاکستان پہلے بیٹنگ کررہا تھا اور جب وہ بیٹنگ کے لیے آئیں تو اسکور 3 وکٹوں پر 33 رنز تھا تاہم ناقابل شکست 56 رنز بنائے تو ٹیم کا اسکور 137 رنز تک پہنچ چکا تھا۔

باؤلنگ میں بھی ندا ڈار نے شان دار کارکردگی دکھائی اور بھارت کی ہرمنپریت کور اور جمیما روڈریگز جیسے اہم وکٹیں حاصل کیں اور بھارت ڈرمائی انداز میں ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا جبکہ بعد میں ٹورنامنٹ بھارت نے ہی جیت لیا۔

اکتوبر کے بہترین کھلاڑی کے لیے ندا ڈار کا مقابلہ بھارت کے روڈریگز اور دیپتی شرما سے تھا ، جنہوں اپنی ٹیم کے لیے ویمنز ایشیا کپ میں یادگار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔

ندا ڈار نے آئی سی سی کے اعزاز کے بعد کہا کہ ‘اس ایوارڈ کے لیے نامزد ہونا شان دار تھا اور حاصل کرنے میرے لیے بہت خاص ہے، کاش ہم ویمنز ایشیا کپ جیتتے لیکن مجھے خوشی ہے کہ ہم نے ٹیم کی حیثیت سے اچھی کارکردگی دکھائی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘آئرلینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں کھیلی گئی حالیہ سیریز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کھیل میں ان کی بھرپور توجہ کی عکاسی ہوئی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر کھیلنا فخر کی بات ہے، میرا مقصد اپنی ٹیم کی جیت میں جتنا ہوسکے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

ووٹنگ پینل کے ایک رکن ڈیرک نینس کا کہنا تھا کہ ندا ڈار اس مہینے میں بیٹنگ اور باؤلنگ میں شان دار فارم میں ہیں اور پاکستان ویمن ٹیم کے لیے مستقل کارکردگی بھی دکھائی ہے۔

ڈیرک نینز نے کہا کہ پاکستان کی باؤلنگ میں بنیادی محرک کی حیثیت سے انہوں نے اہم کھلاڑی کا کردار ادا کیا اور وہ اکتوبر کے لیے آئی سی سی کی بہترین ویمن کھلاڑی کے لیے سب سے زیادہ حق دار تھیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جون 2022 میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی اسپنر طوبیٰ حسن کو عمدہ کارکردگی پر مئی کے مہینے کے لیے آئی سی سی کی بہترین ویمن کرکٹر قرار دیا گیا تھا اور وہ یہ اعزاز جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی تھیں۔

طوبیٰ نے اپنے کیریئر کی پہلی سیریز کے دوران بہترین کھیل پیش کیا تھا جس کا انعام انہیں اس ایوارڈ کی صورت میں ملا تھا۔