Site icon DUNYA PAKISTAN

ٹوئٹر کے ویریفائڈ اکاؤنٹس پر ’آفیشل‘ کے ٹیگ کا آغاز

Share

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد جہاں مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر متعدد نئے اور بہتر فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

وہیں اب ٹوئٹر پر ویریفائڈ اکاؤنٹس پر ’آفیشل‘ کے ٹیگ کا آغاز بھی کردیا گیا۔

گزشتہ ہفتے ٹوئٹر سے منسلک ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا تھا کہ پلیٹ فارم پر جلد ہی تمام اکاؤنٹس کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کردیا جائے گا اور اب اس کا آغاز کردیا گیا، تاہم ابھی تک تمام ویریفائڈ اکاؤنٹس پر ’آفیشل‘ کا ٹیگ نہیں دیا گیا۔

ابتدائی طور پر ’آفیشل‘ کا ٹیگ اداروں اور تنظیموں کے ویریفائڈ اکاؤنٹس کو دیا جا رہا ہے۔

’آفیشل‘ کا ٹیگ دیے جانے کا آغاز امریکا اور برطانیہ سمیت یورپی ممالک کے اداروں اور تنظیموں سے کیا گیا ہے اور امکان ہے کہ جلد ہی مذکورہ فیچر کو مزید وسعت دے کر دیگر اکاؤنٹس پر بھی ’آفیشل‘ کا ٹیگ فراہم کردیا جائے گا۔

’آفیشل‘ کا ٹیگ اکاؤنٹس کے نام کے نیچے نظر آ رہا ہے اور یہ ٹیگ صرف ان اکاؤنٹس کو دیا جا رہا ہے جن اداروں یا تنظیموں کے اکاؤنٹس تصدیق شدہ یعنی بلیو ٹک کے حامل ہیں۔

’آفیشل‘ کے ٹیگ کے اکاؤنٹس کو متعارف کرائے جانے کے بعد اب ٹوئٹر پر مزید دو اقسام کے اکاؤنٹس متعارف کرائے جائیں گے۔

منصوبے کے تحت ٹوئٹر پر اب تمام اکاؤنٹس کو ’آفیشل، بلیو ٹک اور ان لیبلڈ‘ اکاؤنٹس میں تقسیم کردیا جائے گا۔

اداروں کے ناموں کے نیچے آفیشل کا ٹیگ شامل کرلیا گیا—اسکرین شاٹ

یعنی عام افراد کے ویریفائڈ اکاؤنٹس پر ’آفیشل‘ کا ٹیگ نہیں دیا جائے گا، انہیں صرف بلیو ٹک ہی رہنے دیا جائے گا جب کہ باقی تمام غیر تصدیق شدہ یا ماہانہ فیس نہ بھرنے والے اکاؤنٹس کو ’ان لیبلڈ‘ کی کیٹیگری میں شامل کیا جائے گا۔

ٹوئٹر کا منصوبہ ہے کہ وہ تمام ویریفائڈ اکاؤنٹس سے ماہانہ 8 ڈالر فیس وصول کرے جب کہ پلیٹ فارم دوسرے لوگوں کو بھی ماہانہ فیس کے عوض بلیو ٹک فراہم کرنا کا ارادہ رکھتا ہے۔

فوری طور پر صرف اداروں کے اکاؤنٹس پر آفیشل کا ٹیگ شامل کیا گیا ہے—اسکرین شاٹ

نئے منصوبے کے تحت چند دن قبل ماہانہ فیس کی سروس امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں متعارف کرائی گئی تھی اور وہاں 8 ڈالر کے عوض عام افراد کو بھی بلیو ٹک دینے کا آغاز کیا گیا تھا مگر اس عمل سے جعلی اکاؤنٹس والے افراد نے بھی بلیو ٹک حاصل کرلیا تھا، جس وجہ سے مذکورہ عمل کو فوری طور پر روک دیا گیا تھا۔

اب اسی عمل کو رواں ماہ نومبر کے اختتام پر دوبارہ شروع کیا جائے گا اور مزید سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ جعلی اکاؤنٹس کو ماہانہ فیس کے عوض بلیو ٹک فراہم نہ کیا جاسکے۔

Exit mobile version