جمالیاتہفتہ بھر کی مقبول ترین

پاکستان میں تنازعات کی شکار فلم ’جوائے لینڈ‘ ایک اور عالمی ایوارڈ کے لیے نامزد

Share

مرد کو خواجہ سرا سے محبت کرتے ہوئے دکھانے پر تنازع کا شکار بننے والی ہدایت کار صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو ایک اور عالمی فلم فیسٹیول کے لیے نامزد کردیا گیا۔

’جوائے لینڈ‘ کو پاکستان بھر میں 18 نومبر کو جزوی طور پر ریلیز کیا گیا تھا، اس کی نمائش پر پنجاب فلم سینسر بورڈ نے پابندی لگا رکھی ہے۔

کہانی کی وجہ سے تنازع کا شکار رہنے والی فلم کو 18 نومبر کو ریلیز کیا جانا تھا مگر اس پر اچانک مرکزی فلم سینسر بورڈ نے 12 نومبر کو پابندی لگادی تھی، تاہم بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے معاملے کا نوٹس لیے جانے کے بعد فلم کو نمائش کے لیے کلیئر قرار دیا گیا تھا۔

مرکزی فلم سینسر بورڈ کی جانب سے دوبارہ کلیئر قرار دیے جانے کے بعد اس پر پنجاب فلم سینسر بورڈ نے پابندی عائد کردی تھی، تاہم فلم کو 18 نومبر کو سندھ، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں محدود سینما اسکرینز پر ریلیز کیا گیا تھا۔

اب ’جوائے لینڈ‘ کو امریکا میں ہونے والے سالانہ ’فلم انڈیپینڈنٹ اسپرٹ ایوارڈ‘ میں ایوارڈ کے لیے نامزد کردیا گیا۔

فلم فیسٹیول کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستانی فلم کو ’انٹرنیشنل فلم‘ کی کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا۔

’جوائے لینڈ‘ کا مقابلہ دیگر پانچ ممالک کی فلموں سے ہوگا اور پاکستانی فلم کے مقابلے نامزد ہونے والی ایک فلم کو متعدد کیٹیگریز میں بھی نامزد کیا گیا ہے۔

’فلم انڈیپینڈنٹ اسپرٹ ایوارڈ‘ کا انعقاد 4 مارچ 2023 کو ریاست کیلی فورنیا میں ہوگا۔

مذکورہ فلم فیسٹیول کے علاوہ ’جوائے لینڈ‘ نے رواں برس جرمنی می ہونے والے کانز فلم فیسٹیول میں بھی ایوارڈ جیتا تھا۔

علاوہ ازیں ’جوائے لینڈ‘ کو کینیڈا میں ہونے والے ’ٹورنٹو فلم فیسٹیول‘ میں بھی پیش کیا گیا تھا جب کہ اس نے میلبورن آسٹریلیا میں ہونے والے بھارتی فلم فیسٹیول میں بھی ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

’جوائے لینڈ‘ کو برازیل میں ہونے والے ساؤ پولو فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا تھا، جہاں اس کے مرکزی اداکار علی جونیجو نے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتا تھا۔

اسی فلم کو پاکستان کی کمیٹی نے اعلیٰ ترین فلمی ایوارڈ ’آسکر‘ کے لیے بھی نامزد کرکے اسے بھجوا رکھا ہے اور آسکر کا انعقاد بھی آئندہ برس مارچ میں ہوگا۔

ہدایت کار صائم صادق کی اس فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

’جوائے لینڈ‘ کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد اور مخنث ڈانسر کے گرد گھومتی ہے جو ڈانس کلب میں کام کرنے کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔

فلم کو کہانی کے اچھوتے موضوع کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے موضوع پر فلم بنانے کی وجہ سے ہی اس کی ٹیم کو اعلیٰ ترین عالمی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔