سائنس

گوگل جلد پاکستان میں دفتر کھولے گا، وزارت آئی ٹی

Share

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات سید امین الحق نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیٹ کی سب سے بڑی سرچ انجن گوگل جلد ہی پاکستان میں اپنا دفتر کھولے گی۔

 رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر سید امین الحق نے بتایا کہ گوگل نے خود کو ’سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان‘ (ایس ای سی پی) کراچی رجسٹری میں خود کو بطور مقامی کمپنی رجسٹرڈ کروالیا۔

وفاقی وزیر کے مطابق گوگل کی جانب سے خود کو پاکستان میں رجسٹرڈ کروانے کے بعد ان کے ملک میں دفاتر کھولنے کی راہ ہموار ہوگئی اور اب آئندہ ہفتے تک گوگل کے نمائندے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ گوگل ملک میں اپنا دفتر کھولے گا، جس کے بعد پاکستانی صارفین کے ڈیٹا ملک میں ہی رہے گا، جس سے ڈیٹا زیادہ محفوظ رہے گا۔

سید امین الحق نے بتایا کہ پاکستان کے ’غیر قانونی آن لائن مواد کو ہٹانا اور محدود کرنا (طریقہ کار، نگرانی اور حفاظت) رولز 2021‘ قوانین کے تحت تمام انٹرنیٹ کمپنیاں اور سوشل میڈیا ایپس ملک میں دفاتر کھولنے کی پابند ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ گوگل کے علاوہ ٹک ٹاک نے بھی پاکستان میں جلد دفتر کھولنے کا عندیہ دیا ہے، تاہم سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن سے گوگل بازی لے گیا اور اس نے خود کو پاکستان میں بطور کمپنی رجسٹرڈ کرواکر عملی آغاز کردیا۔

اگرچہ سید امین الحق نے بتایا کہ تمام سوشل میڈیا ایپس اور ویب سائٹس ملک میں دفاتر کھولنے کی پابندی ہیں، تاہم آئی ٹی انڈسٹری ذرائع کے مطابق میٹا اور ٹوئٹر فوری طور پر پاکستان میں دفاتر کھولنے کے لیے تیار نہیں۔

ٹیلی کام انڈسٹری سے وابستہ ایک اہم عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ فیس بک اور ٹوئٹر عالمی سطح پر اپنے اسٹاف کو کم کر رہے ہیں، ایسے میں ان کی جانب سے پاکستان میں دفاتر کھولنا ناممکن دکھائی دیتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فیس بک اور ٹوئٹر جیسے پلیٹ فارمز کی جانب سے پاکستان میں دفاتر نہ کھولنے کا ایک سبب یہاں کی بے یقینی صورتحال اور آئی ٹی سے متعلق قوانین بھی ہیں۔