کھیل

امپائر کی آؤٹ دے کر فیصلہ بدلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Share

کرکٹ سمیت کھیلوں کی دنیا میں آئے دن دلچسپ واقعات پیش آتے رہتے ہیں جو شائقین کو عرصے تک یاد رہتے ہیں اور ایسا ہی ایک دلچسپ امپائرنگ کا واقعہ آسٹریلین ٹی20 لیگ بگ بیش میں پیش آیا۔

ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز اور میلبرن رینیگیڈز کے درمیان اتوار کو کھیلے گئے میچ میں ایک فیصلے نے اسٹیڈیم اور ٹی وی پر بیٹھے شائقین کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔

ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے راشد خان نے میلبرن رینیگیڈز کے بیو ویبسٹر کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی اور اس موقع پر گریگ ڈیوڈسن نے آؤٹ کے لیے انگلی کھڑی کردی جس پر راشد خان نے جشن منانا شروع کردیا۔

تاہم اسی لمحے امپائر اپنی انگلی آؤٹ کے لیے بلند کرتے ہوئے اچانک ناک کی جانب لے گئے اور ناک کھجانے لگ گئے جس پر گراؤنڈ میں موجود کھلاڑی اور 20 ہزار سے زائد تماشائی تذبذب کا شکار ہو گئے۔

امپائر نے ویبسٹر کو ناٹ آؤٹ قرار دیا لیکن ری پلے سے واضح تھا کہ راشد خان کی گیند وکٹوں کو ہٹ کر رہی تھی اور یہی وجہ تھی کہ ڈیوڈسن نے اپین غلطی بھی تسلیم کر لی۔

ڈیوڈسن نے کہا کہ میچ کے ماحول میں وہ غلطی کر بیٹھے، پہلے مجھے لگا آؤٹ ہے لیکن پھر یکدم میں نے اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ قرار دینے کا فیصلہ کیا۔

تاہم یہ فیصلہ بھی میچ کے نتیجے پر اثرانداز نہ ہو سکا اور رینیگیڈز کو میچ میں 18رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا البتہ ویبسٹر ناقابل شکست 36 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔

رینیگیڈز کے کوچ مائیکل کلنگر نے کہا کہ مجھے یاد نہیں پڑتا میں نے آج تک کرکٹ کے میدان میں ایسا کوئی واقعہ دیکھا ہوگا اور یہ سب دیکھنے کے بعد ہنس ہنس کر میرے پیٹ میں بل پڑ گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سچ کہوں تو مجھے یہ فیصلہ پسند آیا، انہیں عین وقت پر لگا ہوگا کہ شاید وہ غلطی کر رہے ہیں لہٰذا انہوں نے اپنا فیصلہ بدل لیا جس پر میں انہیں سراہنا چاہوں گا۔