کرکٹ میں ریکارڈ بننا کوئی نئی بات نہیں لیکن آسٹریلین بگ بیش لیگ کی ٹیم سڈنی تھنڈرز نے ایک ایسا بدترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا جو شاید کافی عرصے تک ٹوٹ نہ سکے۔
جمعہ کو ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سڈنی تھنڈرز کی ٹیم صرف 15 رنز پر ڈھیر ہو گئی جو پیشہ ورانہ کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کے کم ترین اسکور کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
Pretty handy figures for these two last night ? #BBL12 #StrikeShow pic.twitter.com/6ckLV71NXt
— Adelaide Strikers (@StrikersBBL) December 16, 2022
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں ایڈیلیڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کرس لِن کے 36 اور کولن ڈی گرینڈ ہوم کے 33رنز کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔
تاہم ایک بظاہر آسان نظر آنے والے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن تباہی سے دوچار ہو گئی۔
Final score from an extremely disappointed Sydney Showground Stadium. pic.twitter.com/uGjg9Ivddc
— Sydney Thunder (@ThunderBBL) December 16, 2022
سڈنی تھنڈرز کی پوری ٹیم صرف 5.5 اوورز میں 15 رنز پر ڈھیر ہو گئی جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
میزبان ٹیم کا کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا سب سے زیادہ 4 رنز دسویں نمبرپر بیٹنگ کے لیے آنے والے برینڈن ڈیگیٹ نے چوکا لگا کر بنائے جو اننگز میں ماری گئی واحد باؤنڈری تھی۔
اس بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پانچ کھلاڑی کھاتا بھی نہ کھول سکے اور صفر پر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل پیشہ ورانہ ٹی20 میچ میں سب سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ ترکی کی ٹیم کے پاس تھا جو 2019 میں جمہوریہ چیک کے خلاف صرف 21 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
ایڈیلیڈ کی جانب سے ہنری تھورن ٹن نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف تین رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں جبکہ ویس ایگار نے چھ رنز دے کر چار وکٹیں اپنے نام کیں۔