پاکستان

راجن پور: انڈس ہائی وے پر خوفناک ٹریفک حادثہ، 2 بسوں میں تصادم، 8 افراد جاں بحق

Share

صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور کے قریب انڈس ہائی وے پر 2 مسافر بسوں میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

راجن پور انڈس ہائی وے شاہ والی کے مقام پر 2مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثہ راجن پور میں شدید دھند کے باعث پیش آیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق خوفناک حادثے کے نتیجے میں 8 افراد موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 25افراد زخمی بھی ہوئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو بس کی باڈی کاٹ کر نکالا گیا، زخمیوں کو شاہ والی اور تحصیل روجھان ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق حادثے میں متاثر بسوں میں سے ایک بس پشاور سے کراچی جا رہی تھی جب کہ دوسری بس کوئٹہ سے راجن پور آ رہی تھی کہ شدید دھند کے باعث دونوں آپس میں ٹکرا گئیں۔

پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد میں شیر علی، محمد عمران، حاجی رفیق،کفایت اللہ، نادر بھٹو ،کاشف علی اور غلام شبیر شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے راجن پور کے قریب ٹریفک حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔

چوہدری پرویز الٰٗہی نے کہا کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور زخمیوں کو علاج معالجےکی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے قریبی ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بس حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے ورثا کی تلاش اور میتوں کی منتقلی کے لیے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کی۔