کراچی ٹیسٹ: پہلی اننگز میں پاکستان 438 رنز بنا کر آؤٹ
پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن 438 رنز بنا کر آؤٹ ہوگیا۔
کراچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو بابر اعظم اور آغا سلمان وکٹ پر موجود تھے۔
نیوزی لینڈ کو دن کی ابتدا میں ہی اس وقت کامیابی ملی جب کپتان بابر اعظم گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر ٹم ساؤدھی کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے ایک چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 161 رنز بنائے۔
اس کے بعد آغا سلمان کا ساتھ دینے نعمان علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھا۔
آغا سلمان نے ذمے دارانہ کھیل پیش کیا اور نعمان نے 75 گیندوں پر 7 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ نبھایا، اس 54 رنز کی شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب نیل ویگنر نے نعمان کو چلتا کردیا۔
Solid knock! ?@SalmanAliAgha1 brings up his fourth Test half-century.#PAKvNZ | #TayyariKiwiHai pic.twitter.com/VRHx9DxSog
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 27, 2022
محمد وسیم محض پانچ گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور دو رنز بنانے کے بعد اش سودھی کی وکٹ بن گئے۔
دوسرے اینڈ پر موجود آغا سلمان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک اور نصف سنچری مکمل کی جس کی بدولت پاکستان نے میچ کے دوسرے دن کھانے کے وقفے تک 8 وکٹوں کے نقصان پر 377 رنز بنا لیے تھے۔
کھانے کے وقفے کے بعد صرف ایک رن بنا کر میر حمزہ بھی اش سودھی کا شکار بن گئے، پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی آغا سلمان تھے جو 103 رنز کا شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدھی نے 3، اعجاز پٹیل، مائیکل بریسویل اور اش سودھی نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔