چینی موبائل کمپنی ’شیاؤمی‘ نے اپنے مقبول برانڈ ’ریڈمی‘ کے تین بجٹ فونز کو متعارف کرادیا۔
’ریڈمی‘ کے تینوں فونز ’کے‘ سیریز کے ہیں، جنہیں رواں سال کے بہترین فونز قرار دیا جا رہا ہے۔
’کے 60 اِی‘
اس فون کو 67۔6 انچ ایمولیوڈ اسکرین کے ساتھ پیش کیا گیا ہے اور اس میں 5500 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری دی گئی ہے۔
اس فون کو 67 واٹ کے فاسٹ چارجر میں پیش کیا گیا ہے اور اس کے بیک پر تین کیمرے دیے گئے ہیں۔
’کے 60 اِی‘ کا مین کیمرا 48 میگا پکسل جب کہ دوسرا 8 اور تیسرا 2 میگا پکسل کا ہے اور اس میں 12 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔
فون میں اینڈرائڈ 13 کا آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے جب کہ اسے مختلف اسٹوریج کے ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے۔
’کے 60 اِی‘ کو 8 اور 12 جی بی ریم کے دو مختلف ماڈیولز میں متعارف کرایا گیا ہے، جس میں سے کم اسٹوریج کے ماڈیول کی قیمت 71 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے جب کہ 12 جی بی کی قیمت ایک لاکھ سے زائد ہے۔
’کے 60‘
اس فون کو بھی 67۔6 انچ ایمولیوڈ اسکرین کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، تاہم اس کی اسکرین کے ریزولیشن اور کلرز کی استعداد کو بڑھایا گیا ہے۔
اس کے بیک پر بھی تین کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جب کہ دوسرا 8 اور تیسرا 2 میگا پکسل کا ہے۔
’کے 60‘ کے فرنٹ پر 16 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے مگراس میں چارجنگ کے دو اقسام دیے گئے ہیں۔
اس فون میں 30 واٹ کی وائرلیس چارجنگ کی سپورٹ دی گئی ہے جب کہ اس میں 67 واٹ کا کیبل چارجر بھی دیا گیا ہے۔
اس فون کو بھی طاقتور 5500 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ پیش کیا گیا ہے اور اسے بھی مختلف اسٹوریج ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے۔
’کے 60‘ کو 8 اور 12 کے علاوہ 16 جی بی کے اسٹوریج ماڈیول میں بھی پیش کیا گیا ہے۔
اس کے 8 جی بی ماڈیول کی قیمت 87 ہزار روپے سے زائد جب کہ 12 جی بی قیمت ایک لاکھ 8 ہزار اور 16 جی بی کی قیمت ایک لاکھ 17 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
’کے 60 پرو‘
ریڈمی نے ’کے‘ سیریز کا سب سے بہترین فون ’کے 60 پرو‘ متعارف کرایا ہے، جسے اگرچہ 67۔6 انچ اسکرین کے ساتھ ہی پیش کیا گیا ہے مگر اس کی اسکرین ٹیکنالوجی کو بہتر بنایا گیا ہے۔
اس فون کے بیک پر بھی تین کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے اور مذکورہ کیمرا سونی کی ٹیکنالوجی کا ہے۔
علاوہ ازیں فون کے بیک پر 8 اور 2 میگا پکسل کے جدید سینسرز سے لیس کیمرا دیے گئے ہیں۔
فون کے فرنٹ پر 16 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے جب کہ اس میں بھی 5500 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔
اس فون میں فنگرپرنٹ سینسر سمیت دیگر فیچرز دیے گئے ہیں اور اس میں 120 واٹ کا فاسٹ چارجر دیا گیا ہے۔
’کے 60 پرو‘ کو بھی مختلف اسٹوریج ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے، اسے بھی 8 اور 12 سمیت 16 جی بی میں پیش کیا گیا ہے۔
اس کے 8 جی بی ماڈیول کی قیمت ایک لاکھ 17 ہزار، 12 جی بی ماڈیول کی قیمت ایک لاکھ 40 ہزار کے قریب جب کہ 16 جی بی ماڈیول کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے تک رکھی گئی ہے۔
کمپنی نے فوری طور پر تینوں فونز کو صرف چین میں متعارف کرایا ہے، تاہم انہیں جلد ہی پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی پیش کردیا جائے گا۔