مسیحی برادری پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس کا تہوار منا رہی ہے

کرسمس کی مناسبت سے گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات ہوئیں فوٹو: فائل

کراچی -دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد کرسمس کا تہوار بھر پور طریقے سے منا رہے ہیں۔ دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ویٹی کن سٹی میں پوپ فرانسس نے اپنی دعائیہ کلمات سے کیا، دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری بھر پور طریقے سے اپنا مذہبی تہوار منارہی ہے، اس سلسلے میں مختلف مقامات پر کرسمس ٹری اور ڈیوڈ اسٹارز آویزاں کئے گئے ہیں، جنہیں رنگ برنگے قمقموں کے ذریعے خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے۔

کراچی میں کرسمس کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد گزشتہ رات سے ہی شروع ہوگیا تھا۔ اس موقع پر گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات ہوئیں اور کیک بھی کاٹے گئے۔ دعائیہ تقاریب میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ لاہور میں بھی مسیحی برادری کرسمس کا تہوار بھر پور جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ شہر میں سب سے بڑی تقریب کیتھڈرل چرچ مال روڈ ریگل چوک میں منعقد کی گئی۔ بشپ آف لاہور نے سروس کا اہتمام کیا۔ اس کے علاوہ شہر میں واقع دیگر گرجاگھروں میں بھی خصوصی عبادات کی گئیں جن میں شریک افراد کو انجیل کا درس دیا گیا اور ملک کی ترقی اور سلامتی کی دعاؤں کے ساتھ ساتھ ملک میں امن امان اور بھائی چارے سے رہنے کا بھی عزم کیا گیا۔

پشاور میں کرسمس کے موقع پر دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ گرجا گھرں اور تفریحی مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ کوئٹہ میں کرسمس کے حوالے سے سب سے بڑی دعائیہ تقریب بیکل میموریل میتھوڈسٹ چرچ میں ہوئی جس میں خواتین اور مردوں کے علاوہ بچوں نے بھی شرکت کی، اس موقع پر شرکا نےکرسمس کے حوالے سے خصوصی گیت گائے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص، ملتان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی میسیحی برادری بھرپور انداز میں کرسمس کا تہوار منارہی ہے :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *