یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں انوکھا ریکارڈ قائم کرنے والے دنیا کے واحد کھلاڑی!

سڈنی -پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری سڈنی ٹیسٹ میچ میں سینئر بلے باز یونس خان نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے مشکل وقت میں قومی ٹیم کو سہارا دیا اور نہ صرف سینچری بنائی بلکہ دنیا کے ایسے ممالک جہاں ٹیسٹ کرکٹ کھیلی جاتی ہے، وہاں سینچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ یونس خان سڈنی ٹیسٹ میں اپنی 34ویں سینچری مکمل کرکے سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے بلے بازوں میں بھی چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس سے قبل بھارت کے سابق کھلاڑی راہول ڈریوڈ نے 10 ملکوں میں سینچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ جبکہ یونس خان نے گیارہ ملکوں میں ٹیسٹ کرکٹ کھیل کر سینچریاں سکور کیں۔

دوسری جانب ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والوں میں بھی یونس خان کا نام شامل ہو گیا ہے۔ اس فہرست میں سابق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ یونس خان کا چھٹا نمبر ہے۔ یاد رہے کہ یونس خان پاکستان کے سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے بلے باز ہیں۔ غیر ملکی میڈیا میں چھپنے والی تفصیلات کے مطابق یونس خان ایک اور منفرد ریکارڈ کے بھی حامل ہیں، وہ یہ کہ انہوں نے ملک کے اندر، بیرون ممالک اور نیوٹرل مقام پر 50 سے زائد کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے کے سنگ میل کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں۔ 115 ٹیسٹ میچوں میں وہ 9925 رنز بنا چکے ہیں۔ اُن کی ٹیسٹ کرکٹ میں فی اننگ اوسط 53 فیصد سے زائد ہے۔ وہ 34 سینچریاں اور 32 نصف سینچریاں مکمل کر چکے ہیں :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *