نیٹ فلکس کو اپنے طیارے کے لیے فلائٹ ایٹنڈنٹ کی تلاش، تنخواہ 3 لاکھ 85 ہزار ڈالر تک
ویڈیو سٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کو اپنے ایک نجی طیارے کے لیے فلائٹ ایٹنڈنٹ کی تلاش ہے مگر حیرانی کی بات یہ ہے کہ کامیاب امیدوار کو سالانہ تین لاکھ 85 ہزار ڈالر تک مل سکتے ہیں۔
نیٹ فلکس نے کہا ہے کہ وہ کسی ایسے امیدوار کو بھرتی کرنا چاہتا ہے جو ’آزاد فیصلہ سازی، احتیاط اور بہترین کسٹمر سروس‘ جیسی صلاحیتیں رکھتا ہو۔
ان کی نظر میں بہترین امیدوار وہ ہوگا جو ’کچھ ہدایات اور بلند حوصلے کے ساتھ آپریٹ کر سکے۔‘
گذشتہ سال صارفین کے اعداد و شمار گِرنے کے بعد نیٹ فلکس نے سینکڑوں نوکریاں ختم کر دی تھیں۔
نیٹ فلکس نے اپنی ویب سائٹ پر اس نوکری کے اشتہار پر درج کیا ہے کہ ’اس نوکری کی تنخواہ کے لیے مارکیٹ میں مجموعی اوسط عام طور پر 60 ہزار سے تین لاکھ 85 ہزار ڈالرز ہوتی ہے۔
’مارکیٹ کی یہ اوسط مجموعی معاوضے پر مبنی ہے (نہ کہ بیس سیلری پر) جو کہ ہمارے معاوضے کے فلسفے سے مطابقت رکھتی ہے۔‘
کمپنی نے کہا ہے کہ وہ ملازمین کی تنخواہ کا تعین ’معاوضے کے عوامل‘ کی مدد سے کرتے ہیں، مثلاً ایک شخص کے پس منظر، تجربہ اور ہنر کیا ہیں۔
کامیاب امیدوار کو کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں رہنا ہوگا تاہم اس کے لیے امریکہ کے اندر اور باہر سفر کرنا پڑ سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق ’نیٹ فلکس ایوی ایشن ڈپارٹمنٹ بے مثال، محفوظ اور رازداری کے ساتھ فضائی سفر فراہم کرتا ہے۔‘
اشتہار میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ ٹیم ’نیٹ فلکس کو موثر انداز میں دنیا تک پہنچنے میں مدد کرتی ہے تاکہ کمپنی پوری دنیا میں خوشیاں پھیلاتی رہے۔‘
فلائٹ ایٹنڈنٹ کو ایک ’سُپر مِڈ سائز جیٹ‘ پر ڈیوٹی دینی ہوگی اور انھیں کئی کام کرنے ہوں گے، جیسے اُڑان سے قبل ہنگامی صورتحال کے سامان، کاک پِٹ، کیبن اور گیلیری کا جائزہ۔
ان میں یہ صلاحیت بھی ہونی چاہیے کہ وہ طیارے پر لوڈنگ اور سٹاکنگ کے وقت 13.6 کلو گرام تک وزنی سامان اُٹھا سکیں۔
امریکہ کے بیورو آف لیبر سٹیٹسٹکس کے مطابق ملک میں فلائٹ ایٹنڈنٹس کی سالانہ اوسط تنخواہ 62 ہزار ڈالر سے تھوڑی زیادہ ہے۔
بی بی سی کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر نیٹ فلکس کے ترجمان نے بتایا کہ کمپنی اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کرے گی کہ وہ فلائٹ ایٹنڈنٹ کی تنخواہ کا تعین کیسے کرتی ہے۔
ادھر کمپنی جمعرات کو 2022 کے آخری تین ماہ میں ہونے والی آمدن کی تفصیلات جاری کرے گی۔
گذشتہ سال نیٹ فلکس نے کہا تھا کہ 2022 کی تیسری سہ ماہی کے دوران اس کے نئے صارفین میں 24 لاکھ کا اضافہ ہوا جس سے گذشتہ سہ ماہی میں صارفین کی کم ہوتی تعداد میں بہتری آئی تھی۔
گذشتہ سال کے اوائل میں کمپنی نے بتایا تھا کہ کئی مارکیٹوں میں قیمتیں بڑھنے پر ایک دہائی میں پہلی بار اس کے صارفین میں کمی آئی۔
سٹرینجر تھنگز اور مانسٹر: دی جیفری ڈہمر سٹوری جیسے ہِٹ شوز نے صارفین کو سروس پر واپس لانے میں مدد کی۔
گذشتہ سال نیٹ فلکس نے پیداوار میں سست روی اور بڑھتے مقابلے کے پیش نظر نوکریوں میں کٹوتی کی تھی۔
کمپنی نے اشتہارات کے ساتھ ایک نیا سٹریمنگ آپشن بھی متعارف کرایا تھا اور کہا تھا کہ پیداوار بڑھانے کے لیے صارفین کے درمیان پاس ورڈ شیئرنگ کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے۔