جنسی ہراساں کرنے کے الزام میں برازیلین دٹبالر ڈینی ایلوس کو اسپین کے شہر بارسلونا میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کیٹیلونیا پولیس فورس کے ترجمان نے کہا کہ 39سالہ دفاعی کھلاڑی کو بارسلونا پولیس اسٹیشن میں طلب کیے جانے کے بعد حراست میں لیا گیا۔
کیٹیلن پولیس نے کہا کہ انہیں 2 جنوری کو ایک خاتون نے شکایت کی تھی کہ ڈینی ایلوس نے انہیں نامناسب انداز میں چھوا تھا۔
ہسپانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے کا واقعہ 30 اور 31 دسمبر کی درمیانی شب بارسلونا کے نائٹ کلب میں پیش آیا۔
اخبار ڈیلی اے بی سی کے مطابق ڈینی ایلوس نے مبینہ طور پر خاتون کی اجازت کے بغیر ان کے ساتھ نازیبا حرکت کی اور پھر باتھ روم تک ان کا پیچھا کیا جس پر خاتون نے کلب کے سیکیورٹی اسٹاف کو اس بارے میں آگاہ کیا۔
ڈینی ایلوس نے تصدیق کی کہ وہ اس رات کلب میں موجود تھے البتہ انہیں کسی بھی قسم کی نازیبا حرکت کی رپورٹس کو مسترد کردیا اور رواں ماہ کے اوائل میں ایک ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے مذکورہ خاتون کو کبھی دیکھا ہی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں میں وہاں کلب میں موجود تھا جہاں ہر کوئی لطف اندوز ہو رہا تھا، سب جانتے ہیں کہ مجھے ڈانس کرنا پسند ہے، وہ وقت بہت اچھا گزرا لیکن میں نے کس کو بھی پریشان نہیں کیا۔
فٹبالر کی اہلیہ جوانا سانز نے 9 جنوری کو ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کے شوہر اپنے دوستوں کے ساتھ کھانے پر باہر گئے تھے، انہوں نے وہاں ڈانس کیا اور موسیقی سے لطف اندوز ہوئے لیکن کچھ بھی غلط نہیں کیا کیونکہ میں جانتی ہوں کہ وہ ایک معزز شخص ہیں۔
ڈینی ایلوس اس سال ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی برازیلین ٹیم کے رکن اور عالمی کپ میں شرکت کرنے والے سب سے زائد العمر کھلاڑی تھے۔
اپنے کامیاب کیریئر کے دوران انہوں نے 408 میچوں میچوں میں بارسلونا کی نمائندگی کی اور چھ لا لیگا ٹائٹل جیتنے کے ساتھ ساتھ تین مرتبہ چئیمپیئنز لیگ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
ڈینی ایلوس 2017 میں یوونٹس چھوڑ کر پیرس سینٹ جرمین کا حصہ بن گئے تھے اور وہاں انہوں نے دو سال گزارے تھے۔