حکومت کا بجلی کی مکمل بحالی کا دعویٰ، کئی شہروں میں تعطل برقرار
ملک بھر میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے بعد کراچی، کوئٹہ اور لاہور سمیت بڑے شہروں کے کئی علاقے بجلی سے تاحال محروم ہیں تاہم حکومت کا دعویٰ ہے کہ ملک کے تمام گرڈ اسٹیشنز مکمل فعال کردیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ کئی گھنٹے بجلی معطل رہنے کے بعد تمام گرڈ اسٹیشنز مکمل فعال کردیے گئے ہیں، بحالی کے لیے میں نیشنل ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) اور پاور ڈویژن کو سراہنا چاہتا ہوں، وزیر پانی اور چیئرمین واپڈا نے بھی ہمارے ساتھ تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صبح ساڑھے 7 بجے ہمیں ایک تکنیکی مسئلے کا سامنا ہوا کہ ہمارے شمال اور جنوب کی ٹرانسمیشن لائن میں وولٹیج کا اتار چڑھاؤ ہوا جس کی مخصوص وجہ ہمیں تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ آج صبح سوا 5 بجے پاکستان میں بجلی کا ترسیلی نظام مکمل طور پر بحال ہوچکا ہے، تاہم کراچی اور چشمہ میں موجود جوہری پلانٹس کو بحال ہونے میں 48 سے 72 گھنٹے درکار ہیں، اسی طرح کوئلے کے پلانٹس کو بھی 48 گھنٹے درکار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک میں بجلی کی کمی رہے گی اور محدود پیمانے پر لوڈشیڈنگ ہوگی جس سے صنعتی صارفین مستثنیٰ ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ کل ہونے والے بریک ڈاؤن سے ہمارا بجلی کا ترسیلی نظام محفوظ رہا، اس میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاعات ہمیں موصول نہیں ہوئیں، اسی لیے بحالی کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوئی، یہ بھی واضح ہونا چاہیے کہ ملک میں ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے، پرسوں تک ان شا اللہ سب کچھ مکمل طور پر بحال ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ خدشہ ابھی دور کرنا باقی ہے ہیکنگ وغیرہ کے ذریعے ہمارے بجلی کے ترسیلی نظام میں کوئی بیرونی مداخلت نہ کی گئی ہو، اس کے امکانات بہت کم ہیں تاہم گزشتہ چند روز میں ایسے کچھ واقعات ہوئے جس کی وجہ سے ہم اس امکان کو مسترد نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا ہے کہ معمول کی لوڈشیڈنگ جاری رہے گی، اب دوبارہ اگر صارفین کو تعطل کا سامنا ہوا تو اس کی وجہ بریک ڈاؤن نہیں لوڈ شیڈنگ ہی ہوگی۔
قبل ازیں وزارت توانائی کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ ’ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے اندر تمام ایک ہزار 112 گرڈ اسٹیشنز بحال کر دیے گئے ہیں‘۔
All 1112 grid stations restored within 24 hours nationwide Alhamdulillah! pic.twitter.com/nGsAyKj7zs
— Ministry of Energy (@MoWP15) January 24, 2023
پاور ڈویژن نے نیشنل گرڈ کے تمام 1112 گرڈ اسٹیشنز بحال ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’تقریباً 6600 میگا واٹ کوئلے اور 3500 میگا واٹ کے نیوکلیئر پاور پلانٹس کو ایمرجنسی شٹ ڈاؤن کے بعد ترسیلی نظام سے دوبارہ لنک ہونے کے لیے 48 سے 72 گھنٹے درکار ہوتے ہیں لہٰذا تب تک 2 سے 4 گھنٹے لوڈمینیجمنٹ کرنی پڑسکتی ہے‘۔
گزشتہ روز صبح بریک ڈاؤن کے سبب کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جسے مکمل طور پر بحال کرنے کا عمل تاحال جاری ہے۔
کراچی
دریں اثنا کراچی میں بجلی بحال ہونے کے بعد ڈیفنس، گلستان جوہر، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریاز، گلشن، جیکب لائنز، کورنگی، لانڈھی اور قیوم آباد میں بجلی کی دوبارہ بندش کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
ترجمان کےالیکٹرک عمران رانا کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات کراچی اور نیشنل گرڈ کے درمیان رابطہ بحال ہونے سے کراچی شہر کو سپلائی مزید بہتر کرنے میں مدد ملی ہے، اہم تنصیبات بشمول ایئرپورٹ، ہسپتال، واٹر پمپنگ اسٹیشن وغیرہ پر بجلی بحال کی جا چکی ہے۔
*کراچی پاور اپڈیٹ 6 بروز 24 جنوری*
— Imran Rana, Spokesperson, K-Electric (@imranrana21) January 24, 2023
گزشتہ رات کراچی اور نیشنل گرڈ کے درمیان رابطہ بحال ہونے سے کراچی شہر کو سپلائی مزید بہتر کرنے میں مدد ملی ہے ۔ تجمان کے الیکٹرک
اہم تنصیبات بشمول ایئرپورٹ, ہسپتال، واٹر پمپنگ سٹیشن وغیرہ پر بجلی بحال کی جا چکی ہے ۔ ترجمان کے الیکٹرک
1/3
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’اس وقت کے الیکٹرک کے تمام گرڈز فعال ہیں اور علاقائی سطح پر بحالی کا عمل بھی جاری ہے، تاہم سسٹم کو مستحکم رکھنے کے لیے شہر میں محدود پیمانے پر عارضی لوڈ مینجمنٹ (بجلی کی بندش) کی جاسکتی ہے‘۔
قبل ازیں ترجمان کےالیکٹرک عمران رانا نے بتایا تھا کہ ’بجلی کے ترسیلی نظام سے پاور سپلائی بہتری کی جانب گامزن ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی بحالی کا عمل بتدریج آگے بڑھا ہے‘۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ’بلدیہ، گلستان جوہر ، گلشن، کلفٹن سمیت اورنگی ٹاون، قیوم آباد اور کوئینز روڈ سے منسلک علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے‘۔
*کراچی پاور اپڈیٹ 5 ، بروز 24 جنوری*
— Imran Rana, Spokesperson, K-Electric (@imranrana21) January 23, 2023
کےالیکٹرک کے بجلی ترسیلی نظام سے پاور سپلائی بہتری کی جانب گامزن ہے۔ترجمان کےالیکٹرک
کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی بحالی کا عمل بتدریج آگے بڑھا ہے۔ ترجمان کےالیکٹرک
1/3
ٹوئٹ کے مطابق ’ائیرپورٹ، عزیز آباد، سوک سینٹر، ڈیفنس، گزری، ایف بی ایریا کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی بحال ہے، گلشن، جیکب لائن، کورنگی، لانڈھی اور قیوم آباد سے منسلک علاقوں میں بھی بجلی بحال کی جا رہی ہے‘۔
ترجمان کے الیکٹرک نے مزید کہا کہ ’اسٹریٹجک تنصیبات پر بجلی پہنچانا ترجیحات میں شامل ہے، نیشنل گرڈ سے بجلی کی مکمل بحالی کے لیے این ٹی ڈی سی حکام سے مستقل رابطے میں ہیں‘۔
لاہور
لاہور میں بھی بجلی کی فراہمی کا سلسلہ بحال ہونے کے بعد بعض علاقوں میں شہریوں کو بجلی کی دوبارہ بندش کا سامنا رہا۔
اس حوالے سے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بتایا کہ ’گزشتہ روز کے بجلی کے بڑے بریک ڈاون کے بعد رات گئے لیسکو کے تمام علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئ تھی، تاہم دوبارہ فریکوئنسی کا ایشو ہونے کی وجہ سے کہیں کہیں عارضی طور پر لوڈمینجمنٹ کی جا رہی ہے‘۔
گزشتہ روز کے بجلی کے بڑے بریک ڈاون کے بعد رات گئے لیسکو کے تمام علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئ تھی۔تاہم دوبارہ فریکونسی کا ایشو ہونے کی وجہ سے کہیں کہیں عارضی طور پر لوڈمینجمنٹ کی جا رہی ہے۔ حالات کے بہتر ہوتے ہی بجلی فورا بلا تعطل بحال کر دی چائیگی۔ ہم صارفین سے معذرت خواہ ہیں
— LAHORE ELECTRIC SUPPLY COMPANY ( LESCO) (@Lescoofficial) January 24, 2023
ٹوئٹ کے مطابق ’لیسکو ریجن میں بریک ڈاؤن کے باعث تمام متاثرہ فیڈرز پر بجلی بحال ہوچکی ہے، تمام فیڈرز نارمل لوڈ پر چل رہے ہیں‘۔
اسلام آباد
اسلام آباد میں بجلی کی بحالی کے عمل کے حوالے سے ترجمان اسلام آباد الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے بتایا کہ ’آئیسکو ریجن میں متاثرہ فیڈرز پر بجلی بحالی کا کام شروع ہوگیا ہے۔مختلف گرڈ اسٹیشنز سے منسلک 50 سے زائد فیڈرز پر بجلی بحال کردی گئی ہے‘۔
آئیسکو ریجن میں متاثرہ فیڈرز پر بجلی بحالی کا کام شروع ہوگیا ہے۔مختلف گرڈ اسٹیشنز سے منسلک 50 سے زائد فیڈرز پر بجلی بحال کردی گئی ہے۔سسٹم کو اوورلوڈنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے فیڈرز کو مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ھے ۔صارفین سے درخواست ھے کے بجلی استعمال احتیاط سے کریں۔
— Islamabad Electric Supply Co. IESCO (@IESCO_Official) January 23, 2023
انہوں نے کہا کہ ’سسٹم کو اوورلوڈنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے فیڈرز کو مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ہے، صارفین سے درخواست ہے کے بجلی احتیاط سے استعمال کریں‘۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق آئیسکو ریجن میں بریک ڈاؤن کے باعث تمام متاثرہ فیڈرز پر بجلی بحال ہوچکی ہے، تمام فیڈرز نارمل لوڈ پر چل رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غوری ٹاؤن فیڈرز پر فالٹ برما شریف آباد کھنہ ایسٹ کھنہ ڈاک فیڈرز پر بوجہ سیفٹی بجلی کی فراہمی معطل آپریشن ٹیمیں فالٹ کلیر کرنے کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں’۔
آئیسکو ریجن میں بریک ڈاؤن کے باعث تمام متاثرہ فیڈرز پر بجلی بحال تمام فیڈرز نارمل لوڈ پر چل رہے ہیں غوری ٹاؤن فیڈرز پر فالٹ برما شریف آباد کھنہ ایسٹ کھنہ ڈاک فیڈرز پر بوجہ سیفٹی بجلی کی فراہمی معطل آپریشن ٹیمیں فالٹ کلیر کرنے کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں
— Islamabad Electric Supply Co. IESCO (@IESCO_Official) January 23, 2023
کوئٹہ
دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچسستان کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی بحالی کا عمل تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔
ترجمان کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے مطابق کوئٹہ شہر کے تمام گریڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی بحال ہوگئی ہے، شہر میں بجلی اب جزوی طور پر بحال ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’ 220 کلو واٹ اُچ-سبّی ٹرانسمیشن لائن سے سبی تک بجلی بحال ہوچکی ہے، اس وقت کوئٹہ شہر کو 132کلو واٹ سبّی-کوئٹہ سرکٹ ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی جاری ہے’۔
ترجمان کیسکو کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی، روجھان جمالی اور گنداخہ، بھاگ، جھل مگسی، اُستہ محمد، صحبت پور، سوئی ،سبّی ،ڈھاڈر، مچھ اور دروازہ گرڈ اسٹیشنز کی بجلی بحال ہوگئ ہے۔