دنیا بھر میں مائیکروسافٹ کی مقبول سروسز ٹیمز اور آؤٹ لُک اچانک ڈاؤن

مائیکرو سافٹ کی مقبول سروسز ’ٹیمز‘ اور ’ آؤٹ لُک’ سمیت دیگر ملٹی سروسز دنیا بھر میں ڈاؤن ہوگئیں، جس کی وجہ سے ہزاروں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مائیکرو سافٹ کے مطابق سروسز کی بندش کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ نے اس بندش سے متاثر ہونے والے صارفین کی تعداد نہیں بتائی۔

تاہم بندش سے متعلق خبر دینے والی ویب سائٹ ’ڈاؤن ڈٹیکٹر‘ کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں 3 ہزار 900 سے زائد اور جاپان میں 900 سے زائد رپورٹس موصول ہوئیں، آسٹریلیا، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں بھی ملٹی سروس ویب سائٹ کی بندش کی اطلاعات میں اضافہ ہوا۔

ڈاؤن ڈٹیکٹر ویب سائٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بندش کی خبر دیتا ہے۔

سروس کی بندش کی وجہ سے زیادہ تر صارفین کو پیغامات بھیجنے، کال کرنے یا ٹیمز ایپلیکیشن کے فیچر کو استعمال کرنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

کئی صارفین نے ٹوئٹر میں بندش سے متعلق اطلاعات سے آگاہ کیا جس سے سوشل میڈیا سائٹ پر ’ہیش ٹیگ مائیکروسافٹ ٹیمز‘ ٹاپ ٹرینڈ رہا۔

مائیکروسافٹ ٹیمز کو عالمی سطح پر 28 کروڑ سے زائد صارفین استعمال کرتے ہیں۔

ٹیمز سروس کاروباری اداروں اور اسکولوں میں بھی روزانہ کی بنیاد پر استعمال کیا جاتا ہے جو کال کرنے، بزنس میٹنگ کے لیے انتہائی مددگار ہے جبکہ آؤٹ لُک سروس کو ای میل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور اس کے صارفین کی تعداد بھی کروڑوں میں ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *