متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی سمیت 7 یونٹس کو سیل کردیا۔
محکمہ متروکہ وقف املاک کے حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری اراضی پر عرصہ دراز سے قبضہ کیا گیا تھا۔
ان کا مؤقف ہے کہ بلڈنگز سیل کرتے ہوئے راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری آپریشن میں شامل تھی۔
متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ لال حویلی پہنچے اور شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی سمیت 7 یونٹس کو سیل کردیے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے لال حویلی کو مکمل طور پر سیل کیے جانے کی تصدیق کی، انہوں نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صبح سویرے پونے 4 بجے لال حویلی کو سیل کرنے کی کارروائی کی گئی تھی، سیل کرنے سے قبل انہیں کوئی نوٹس نہیں بھیجا گیا، لال حویلی ان کے ذاتی ملکیت ہے، اگر یہ غیر قانونی قبضہ ہے تو عدالت جائیں، ہمارے خلاف کیس کریں اور مجھے نااہل قرار دیں۔
انہوں نے کہا کہ لال حویلی کے گردونواح میں 19 مزید لوگ ہیں ایک پورشن ہمارے پاس ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت چاہتی ہے یہاں لڑائی ہو ، آنسو گیس چلے اور مقابلہ ہو، میری ذاتی ملکیت کے خلاف کارروائی کرنا حکومت کی کھلی بدمعاشی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لال حویلی کو جب سیل کیا گیا تو وہ وہاں موجود نہیں تھے، گزشتہ رات گرفتاری کے خدشے کے باعث وہ اسلام آباد میں موجود تھے۔
لال حویلی کوسیل کرنا فاشزم اور سیاسی دہشت گردی ہے، شیخ رشید
بعد ازاں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ لال حویلی کوسیل کرنا فاشزم اور سیاسی دہشت گردی ہے، 16 وزارتوں کی چھان بین سےکچھ نہ ملا تولال حویلی پر چڑھائی کردی، جس کی پہلے ہی 15 فروری عدالت میں تاریخ ہے، برطانوی کمپنی لال حویلی پرفلم بنانے جارہی ہے، جوان کو برداشت نہیں۔
رات کےاندھیرے میں حکومت پرشب خون مارنےوالوں نےلال حویلی پرشب خون مارا ہے5مرلہ سےکم لال حویلی ہماری ذاتی ملکیت ہےاورعوامی خدمت کا مرکزی سیکریٹیریٹ ہےانھوں نےرینجرزاورFCسےمدد مانگی انھوں نےانکار کردیاپھرFIAاورپولیس کی مدد سےلال حویلی کوسیل کردیا۔5 بجے لال حویلی پریس کانفرنس کروں گا
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) January 30, 2023
شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ رینجرز اور ایف سی سےمدد مانگی گئی، انہوں نےانکار کیا تو پھر ایف آئی اے اور پولیس کی مدد سےلال حویلی کو سیل کردیا، آج 5 بجے لال حویلی میں پریس کانفرنس کروں گا۔
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا شیخ رشید پر دباؤ ڈالنے کے لیے حکومتی مشینری سے ان کے گھر پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
شیخ رشید پر دباؤ ڈالنے کے لئے حکومتی مشینری سے ان کے گھر پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے. تحریک انصاف اس غیر قانونی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور شیخ رشید کے ساتھ کھڑی ہے
— Asad Umar (@Asad_Umar) January 29, 2023
واضح رہے کہ 16 اکتوبر 2022 کو ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو 7 روز میں لال حویلی خالی کرنے کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نوٹس کی وصولی کے 7 روز کے اندر جائیداد خالی کریں، بصورت دیگر قانون کے تحت بذریعہ پولیس بے دخل کردیا جائے گا۔
بعدازاں 19 اکتوبر 2022 کو شیخ رشید نے لال حویلی خالی کرنے کا حکم ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چیلنج کیا تھا، انہوں نے وکیل کے ذریعے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس سے متعلق عدالت میں کیس زیر سماعت ہے، لال حویلی سے بے دخلی کا نوٹس اور کارروائی غیر قانونی ہے۔