کھیل

جوکووچ 10واں آسٹریلین اوپن ٹائٹل جیتنے میں کامیاب، نڈال کا 22گرینڈ سلیم کا ریکارڈ برابر

Share

سربیا کے عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن چیمپیئن بننے کے ساتھ ہی کیریئر کا 22واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت کر رافیل نڈال کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔

روڈ لیور ارینا میں اتوار کو کھیلے گئے فائنل میچ میں جوکووچ نے شاندار کھیل پیش کیا اور ایونٹ میں تھرڈ سیڈ یونان کے اسٹیفنوس سیتسیپاس کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر کیریئر کا 10واں آسٹریلین اوپن ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

جب جوکووچ نے فائنل کے لیے کورٹ میں قدم رکھا تو وہ خاصے پراعتماد تھے کیونکہ انہیں گزشتہ 9 آسٹریلین اوپن فائنل جیتنے کا اعزاز حاصل تھا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ وہ یونانی حریف سے کھیلے گئے 12 میں سے 10 میچوں میں بھی فاتح رہے تھے۔

اپنے کیریئر کا دوسرا گرینڈ سلیم کھیلنے والے یونان کے سیتسیپاس 33واں گرینڈ سلیم فائنل کھیلنے والے سربین اسٹار کے سامنے نروس نظر آئے اور پہلا سیٹ صرف 36منٹ میں 3-6 سے ہار گئے۔

اہم میچ کے دوسرے اور تیسرے سیٹ میں ترنوالہ ثابت نہ ہوئے اور بھرپور مزاحمت کی لیکن اس کے باوجود بھرپور تجربے کے حامل عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار نے دونوں سیٹس میں سخت مقابلے کے بعد 6-7 اور 6-7 سے کامیابی سمیٹ کر ایونٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

واضح رہے کہ جوکووچ ان کی اس فتح سے قبل اس وقت ایک تنازع کھڑا ہو گیا تھا جب کوارٹر فائنل میں سربین اسٹار کی فتح کے بعد ان کے والد نے ولادمیر پیوٹن کی تصویر کے حامل روسی جھنڈے کو لے کر کھڑے ہونے والے لڑکے ساتھ تصور کھنچوائی تھی اور اسی وجہ سے ان کے والد کو فائنل میچ میں ارینا میں آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

یونان کے اسٹیفنوس سیتسیپاس آسٹریلین اوپن جیتنے پر نوواک جوکووچ کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
یونان کے اسٹیفنوس سیتسیپاس آسٹریلین اوپن جیتنے پر نوواک جوکووچ کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

اس موقع پر جوکووچ کی والدہ میلبرن کے تاریخ ساز ارینا میں موجود تھیں اور فتح کے فوراً بعد انہوں نے اپنی والدہ کو جا کر گلے لگایا اور اپنی کامیابی کا والہانہ جشن منایا۔

یاد رہے کہ یہ ایونٹ سربیا کے اسٹار کے لیے اس لیے بھی اہم تھا کیونکہ پچھلے سال کووڈ ویکسین نہ لگوانے کی وجہ سے انہیں ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی اور انہیں آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کردیا گیا تھا لیکن 35سالہ اسٹار نے بہترین انداز میں واپسی کرتے ہوئے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

10واں آسٹریلین اوپن ٹائٹل جیتنے کے بعد جوکووچ کے گرینڈ سلیم ٹائٹلز کی تعداد 22 ہو گئی ہے اور انہوں نے رافیل نڈال کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا ہے جہاں اس ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں باہر ہونے والے ہسپانوی اسٹار بھی 22 گرینڈ سلیم جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

اس کامیابی کے نتیجے میں جوکووچ ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر ایک منصب سنبھالیں گے اور وہ گزشتہ سال جون کے بعد پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک بنیں گے۔