سی پیک کے لیے خصوصی سیکورٹی ڈویژن قائم!

Image result for CPEC Security Division

اسلام آباد  -وفاقی وزارت داخلہ نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے لیے بنائی گئی خصوصی سیکیورٹی ڈویژن کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔خصوصی سیکیورٹی ڈویژن سی پیک کے تحت چلنے والے تمام ترقیاتی منصوبوں اور ان پر کام کرنےو الے چینی کارکنوں کی حفاظت کرے گا۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق خصوصی سیکیورٹی ڈویژن میں 13 ہزار 700 اہلکارو ہیں جبکہ اس کے 9 بٹالینز کو 66 ونگز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

منصوبہ بندی ڈویژن کے ایک عہدیدار کے مطابق صوبائی حکومتوں کی جانب سے درخواستیں موصول ہونے کے بعد وزارت داخلہ خصوصی سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکاروں کو ان صوبوں میں جاری سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی کے لیے تعینات کرے گی۔  خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں سی پیک کے مشترکہ تعاون کمیٹی کے چھٹے اجلاس کے موقع پر چین نے خصوصی سیکیورٹی ڈویژن کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

گزشتہ برس ستمبر میں چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا تھا کہ سی پیک کی سیکورٹی کے لیے 21 ارب 57 کروڑ روپے کی لاگت سے خصوصی سیکورٹی ڈویژن قائم کی جا رہی ہے، جس میں سول آرمڈ فورسز کے 66 ونگ شامل ہیں۔ انہوں نے ایوان کو تحریری جواب میں بتایا کہ نئے سیکورٹی ڈویژن میں پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے 13 ہزار 731 اہلکاروں کو شامل کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا تھاکہ سیکورٹی ڈویژن میں فرنٹیئر کور (ایف سی) خیبرپختونخوا کے 852، ایف سی بلوچستان کے 730 اہلکار، پنجاب رینجرز کے 2190 اور سندھ رینجرز کے 730 اہلکار جبکہ پاک فوج کے 9 ہزار 229 اہلکار شامل ہیں :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *