نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا سے ون ڈے سیریزجیت لی!

ہیملٹن -نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 24 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی ہے۔ راس ٹیلر نے 1077 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر مخالف ٹیم کو اچھا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا تو ٹرینٹ بولٹ آسٹریلوی بلے بازوں پر قہر بن کر ٹوٹے اور پوری ٹیم 282 رنز کے تعاقب میں 257 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق سیڈون پارک ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر نے 107 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ ڈین براﺅنلی 63 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ دیگر بلے بازوں میں کین ولیم سن نے 37، نیل بروم نے 8، کولن منرو نے 3، جیمز نیشام نے 1، مچل سینٹنر نے 38، ٹم ساﺅتھی نے 10 اور ٹرینٹ بولٹ نے 1 سکور بنایا جبکہ ٹام لیتھم اور لوکی فرگوسن کھاتہ کھولے بغیر ہی آﺅٹ ہو گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک اور جیمز فالکنر نے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے 2 اور پیٹ کومنز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی اوپنرز نے 44 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر یکے بعد دیگرے 2 کھلاڑی آﺅٹ ہو گئے جس کے بعد ایرون فنچ اور ٹریوس ہیڈ کی نصف سنچریاں بھی ٹیم کو شکست سے نا بچا سکیں اور پوری ٹیم 47 اوورز میں 257 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ 56 ، ٹریویس ہیڈ 53، مارکوس سٹوئنز 42، پیٹ کومنز 27، مچل سٹارک ناٹ 29 اور شان مارش 22 رنز بنا سکے جبکہ پیٹر ہینڈزکومب، گلین میکسویل اور جیمز فالکنر کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے 33 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ مچل سینٹنر نے 2 اور کین ولیمسن نے ایک وکٹ حاصل کی :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *