Site icon DUNYA PAKISTAN

انتخابات کی تاریخ کا معاملہ: گورنر پنجاب، چیف الیکشن کمشنر کےخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

Share

لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر گورنر بلیغ الرحمٰن، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔

مذکورہ درخواست شہری منیر احمد کی جانب سے اپنے وکیل اظہر صدیق کے توسط سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالت کی جانب سے الیکشن کرانے کے حکم کے باوجود انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا جارہا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ نے صوبے میں فوری طور پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دیا تھا۔

درخواست گزار نے استدعا کی عدالت کے 10 فروری کو دیے گئے حکم کی خلاف ورزی پر فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔

خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرنے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس جواد حسن نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 روز میں انتخابات کرانے کا پابند ہے اور اسی لیے الیکشن کا شیڈول فوری طور پر جاری کیا جائے۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ’الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ صوبے کے آئینی سربراہ گورنر پنجاب سے مشاورت کے بعد پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نوٹیفکیشن کے ساتھ فوری کرے اور یقینی بنائے کہ انتخابات آئین کی روح کے مطابق 90 روز میں ہوں‘۔

چنانچہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کے حوالے سے بات چیت کے لیے اجلاس پیر کو (آج) طلب کیا تھا۔

ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ای سی پی لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے نفاذ کے منصوبے کو حتمی شکل دے گا۔

Exit mobile version