وہ مجھ سے میری فحش تصویریں مانگتا ہے،میں کیا کروں؟

ask asadمحترم اسد صاحب

میں 24 سال کی
ہوں اور ایک فیس بک فرینڈ سے بہت پیار کرتی ہوں۔ میں اس دوست سے کبھی نہیں ملی۔ وہ پاکستانی ہے اور فی الحال بیرون ملک رہتا ہے۔ وہ بھی مجھ سے بے پناہ محبت کا دعوی کرتا ہے لیکن مجھ سے اپنی برہنہ تصاویر کا مطالبہ کرتا ہے اور کہتا ہے کہ ہمارے درمیاں کوئی پرائیویسی نہیں ہونی چاہیے۔ میں ایک مذہبی خاندان سے تعلق رکھتی ہوں  اور برہنہ تصاویر بھیجنے کے حق میں نہیں ہوں۔ مجھے یہ فیصلہ کرنے میں مشکل ہو رہی ہے کہ کیا وہ مجھ سے واقعی پیار کرتا ہے یا صرف ہوس رکھتا ہے اور کیا میں اس کے مطالبات پورے کروں یا کوئی دوسرا طریقہ اختیار کروں؟

پلیز میری مدد کیجیے۔

پیاری بہن

اپنی برہنہ تصاویر کبھی بھی کسی شخص کو ارسال مت کریں۔ جب بھی آپ ایسا کریں گی، آپ کو زندگی بھر اس کا پچھتاوا رہےگا۔ وہ لڑکا آپ سے پیار نہیں کرتا۔ بلکہ وہ تو آپ کی عزت بھی نہیں کرتا۔ وہ صرف ہوس دکھا رہا ہے۔ اس کے جذبات آپ کے لیے عارضی ہیں۔ اگر آپ کو یقین آ رہا ہے کہ یہ شخص آپ سے محبت کرتا ہے اور آپ سے برہنہ تصاویر کا مطالبہ اس لیے کر رہا ہے کہ آپ کے بیچ پرائیویسی نہیں ہونی چاہیے تو یہ آپ کی کم عقلی اور بے وقوفی ہے۔ وہ ایک مکمل دھوکہ باز ہے۔ وہ صرف ہوس کے لیے آپ کی تصاویر حاصل کرنا چاہتا ہے۔ وہ آپ کی تصاویر گناہ کے کاموں کے لیے استعمال کرے گا۔ جس طرح کا اس کا رویہ ہے یہ بھی ممکن ہے کہ وہ آپ کی تصاویر اپنے دوستوں سے شئیر کرے یا انٹر نیٹ پر کھلے عام سب کو دکھاتا پھرے۔

وہ آپ کی برہنہ تصاویر کے ذریعے آپ کو بلیک میل بھی کر سکتا ہے اور آپ سے رقم اور جنسی تعلقات کی مانگ بھی کر سکتا ہے۔ جب ایک سلسلہ شروع ہو جائے تو پھر رکنے میں نہیں آتا۔ آپ جتنا بھی اس کی بات مانو گی اور سمجھو گی کہ آخری بارہے اتنا ہی اس کے مطالبات بڑھتے جائیں گے۔ یہ سلسلہ زندگی بھر چلتا رہے گا۔

یہ شخص آپ کو دھوکہ دے رہا ہے۔ مجھے بلکل نہیں لگتا کہ وہ آپ سے اپنے رشتہ کے مضبوط کرنے کے لیے آپ سے منگنی یا شادی کا ارادہ رکھتا ہے۔ غالب گمان اس بات کا ہے کہ وہ انٹر نیٹ پر آپ کے ساتھ ٹائم پاس کر رہا ہے اور سستے میں لطف اٹھانے کے چکر میں ہے۔ میرا آپ کو مخلصانہ مشورہ ہے کہ اس شخص سے تمام روابط فوری منقطع کر لیں ۔ اس سے بات کرنا چھوڑ دیں اور سوشل میڈیا پر اسے بلاک کر دیں۔ آغاز میں شاید آپ کے لیے مشکل ہو کیونکہ آپ اس سے پیار کرتی ہیں لیکن یقین جانیے اسی میں آپ کی بھلائی ہے۔

امید ہے بہت جلد آپ کو وہ شخص مل جائے گا جو نہ صرف آپ سے محبت کرے گا بلکہ آپ کی معصومیت کی بھر پور عزت کرے گا  اور خواب میں بھی آپ کی  حیا داری کا غلط فائدہ اٹھانے کے بارے میں نہیں سوچے گا۔ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔

اسد 

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *