Site icon DUNYA PAKISTAN

انسداد دہشتگردی عدالت نے عدم پیشی پرعمران خان کی ضمانت خارج کردی

Share

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کا احتجاج اور کار سرکار میں مداخلت کے کیس میں عدم پیشی پر عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کردی۔

عدالت نے عمران خان کو آج ہی پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے وکیل کی مشاورت کے لیے ڈھائی بجے تک سماعت میں وقفہ کردیا تھا، وقفے کے بعد مہلت کا وقت پورا ہونے پر عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کی ضمانت خارج کردی۔

قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجا جواد عباس حسن نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کا احتجاج اور کار سرکار میں مداخلت کیس میں عمران خان کی طبی بنیادوں پر دائر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے عمران خان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عمران خان کو ڈیڑھ بجے تک عدالت پیش ہونے کا حکم دیا تاہم عمران خان ڈیڑھ بجے تک عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

وقفے کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل بابر اعوان روسٹرم پر آگئے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ’کیا پہلے والی پوزیشن ہے؟‘، جواب میں بابر اعوان نے کہا کہ 2، 3 گذارشات بیان کرنا چاہتا ہوں۔

بابر اعوان نے ایف آئی آر پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی ایما پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا، اس عدالت کی نظر میں یہ دہشت گردی کا مقدمہ نہیں بنتا، اسی کیس میں عدالت دیگر ملزمان کی ضمانت منظور کر چکی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ اس کیس سے دہشت گردی دفعات حذف کی جائیں۔

جج راجا جواد عباس حسن نے کہا کہ یہ ضمانت کی درخواست پر سماعت ہو رہی ہے، اس پر بابر اعوان نے کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر بھی کوئی ایما ہوتا ہے؟، ایڈیشنل سیشن جج نے 27 فروری تک عبوری ضمانت دے رکھی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ آپ بھی 27 فروری تک عبوری ضمانت میں توسیع دے دیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کوشش کی مگر سفر نہیں کر سکے، عمران خان نا کبھی ملک اور نہ ہی عدالت سے بھاگے۔

بابر اعوان نے کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج نے 27 فروری تک عبوری ضمانت دے رکھی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ آپ بھی 27 فروری تک عبوری ضمانت میں توسیع دے دیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت ایک آخری موقع دے کر سمن جاری کر دے، میں 10 ہزار کا مچلکے جمع کرانے کو تیار ہوں۔

بابر اعوان کی جانب سے عمران خان سے مشاورت کے لیے وقت مانگنے پر عدالت نے ڈھائی بجے تک سماعت میں وقفہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈھائی بجے تک بتادیں جو بھی کرنا ہے‘۔

بعدازاں ڈھائی بجنے پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے فیصلہ سناتے ہوئے عدم پیشی پر عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کردی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے عمران خان کی طبی بنیادوں پر دائر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے آج طلب کیا تھا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر عمران خان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان پیش ہوئے تو ٹھیک نہیں تو ضمانت قبل از گرفتاری پر آرڈر دے دیں گے ، بعدازاں کیس کی سماعت 15 فروری (آج) تک کے لیے ملتوی کردی گئی تھی۔

واضح رہے کہ عمران خان کےخلاف دہشت گردی کی دفعات کےتحت تھانہ سنگجانی میں مقدمہ درج کیاگیا تھا۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے خلاف احتجاج کرنے پر سابق وزیر اعظم، اسد عمر اور علی نواز سمیت 100 سے زائد کارکنان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

Exit mobile version