منتخب تحریریں

محل سرا خاموش مگر قبریں بولتی ہیں

Share

ہمارے ملک میں شرمناک انکشافات کا موسم ہے۔ انکشاف مگر گزرے دنوں اور سابق اقتدار کے غبار میں اوجھل ہونے والوں کے بارے میں ہیں۔ اب کیا ہو رہا ہے؟ کوئی نہیں بتا رہا اور بتائے گا بھی نہیں۔ 25فروری 1956ءکو بیسویں کمیونسٹ کانگریس میں خروشچیف کی نام نہاد ’خفیہ تقریر‘ سے پہلے کوئی اسٹالن کے 30سالہ اقتدار کے بارے میں بات نہیں کرتا تھا۔ کچھ برس بعد کسی میں خروشچیف سے سوال کرنے کا یارا بھی نہیں تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ خروشچیف کی تقریر کا پورا متن بھی 1989ءسے قبل سوویت عوام کی رسائی میں نہیں تھا۔ اسٹالن کی ’شخصی تقدیس‘ کی مذمت کرتے ہوئے خروشچیف نے باریک مہارت سے کمیونسٹ پارٹی کو بری الذمہ قرار دے دیا تھا تاکہ شخصی اقتدار کا آلہ کار بننے والا سیاسی بندوبست قائم رکھا جا سکے۔ سوئے اتفاق ہے کہ خروشچیف کی تقریر سے ٹھیک ایک برس بعد 27 فروری 1957 کو مائوزے تنگ کا مقالہ ’عوام میں تضادات حل کرنے کا صحیح طریقہ‘ شائع ہوا۔ کلیدی جملہ تھا کہ ’سو طرح کے پھول کھلنے دو، سو طرح کے خیالات سامنے آنے دو…‘ چائو این لائی ایک مہذب مدبر تھا، مائو کے جال میں پھنس گیا۔ جب اشتراکی چین کے سوجھوان دانشور ٹھیک سے نشان زد ہو گئے تو ثقافتی انقلاب کے ذریعے انہیں بے رحمی سے کچل دیا گیا۔ صدر لیو شائو چی نومبر 1969ءاور مارشل لن بیائو ستمبر 1971ءمیں کھیت رہے۔ ڈینگ شیائو پنگ مردود قرار پائے۔ چائو این لائی زندہ رہے مگر بے دست و پا ہو گئے۔ عظیم جست میں قریب ساڑھے چار کروڑ قحط کا شکار ہوئے تھے۔ ثقافتی انقلاب میں اموات کی تعداد دو کروڑ تک بتائی جاتی ہے۔ قوم کی دانش پر ہل چلا دیا گیا۔ عمران خان کی کرشماتی قیادت کے اسیر پاکستانی نوجوان یقیناً کہیں گے کہ یہ کھوسٹ بڈھا انہیں ایران توران کی کہانیاں سناتا ہے۔ ’نڈر اور بے باک‘ صحافیوں کی طرح چور لٹیرے سیاست دانوں کو گالیاں نہیں دیتا؟ ان مخلص اور قابل محبت بچوں کو میں دوش نہیں دیتا، کچھ اور کہانیاں سناتا ہوں۔

سلطنت عثمانیہ 13ویں صدی کے اختتام پر قائم ہوئی۔ 1363میں سلطان نے اپنی فوج میں ینی چری کے عنوان سے ایک خاص شعبہ قائم کیا۔ مفتوحہ علاقوں کے غیر مسلم نوجوانوں کو مختون کر کے عثمانی سلطان کی اس ذاتی محافظ فوج میں شامل کیا جاتا تھا۔ یہ مختصر مگر مستعد لشکر براہ راست سلطان سے تعلق رکھتا تھا۔ مقامی افراد سے کسی نسبی تعلق کی عدم موجودگی میں یہ لوگ انتہائی وفادار اور قابل بھروسا تھے تاہم جلد ہی انہوں نے اپنی غیرجوابدہ قوت کا اندازہ کر کے سیاسی قوت حاصل کر لی۔ ینی چری عسکری اصلاحات کے مخالف تھے اور حرم سرا کی خصوصی عورتوں سے گٹھ جوڑ کر کے حکومتوں کے سازشی بنائو بگاڑ میں دخیل ہو گئے۔ بالآخر سلطان محمود ثانی نے 1826 ء میں فیصلہ کن کارروائی کر کے ینی چری فوج کا خاتمہ کر دیا۔ یہاں شاید حرم سرا کی اصطلاح پر آپ کی نگہ نکتہ رس ٹھہری ہو۔ استغفراللہ! ناچیز کی مجال نہیں کہ پاکیزہ مسلم تاریخ پر انگشت نمائی کرے۔ حرم سرا عثمانی سلاطین کے محلات کا وہ حصہ تھا جہاں ان کی بیویاں، رشتہ دار عورتیں، مفتوحہ لونڈیاں، خواجہ سرا اور مدخولہ کنیزیں مقیم ہوتی تھیں۔ تاریخ میں معاملاتِ خلوت اور سیاسی رسوخ میں گہرا تعلق رہا ہے۔ واللہ پاکپتن شریف کے روحانی درجات کی طرف اشارہ مقصود نہیں۔ 1520ء میں سلیمان عظیم الشان کی خلوت میں باریابی پانے والی روکسلونا (حورم سلطان) اور بعد ازاں ماہ پیکر سلطان (کوسم سلطان) کے زیر اثر سلطنت عثمانیہ کا 1533 سے 1656 تک کا زمانہ ’عورت راج‘ کہلاتا ہے۔ یہ سلطنت کے تین اہم ستونوں یعنی حرم سرا، خواجہ سرا اور ینی چری میں فیصلہ سازی پر درپردہ اجارے اور گٹھ جوڑ کا زمانہ تھا۔ سیاست کا بنیادی اصول ہے کہ انتقال اقتدار کا طریقہ کار واضح ہو نیز اختیارات میں علیحدگی اور باہم جوابدہی کا بندوبست موجود ہو۔ بند دروازوں کی نیم روشن غلام گردشوں میں یہ اصول منطبق نہیں ہوتا اور ریاست ناگزیر طور پر زوال پذیر ہو جاتی ہے۔ 29 اکتوبر 1923 کو سلطنت عثمانیہ کا سورج غروب ہو گیا۔ قصے کہانیاں ختم ہوئے۔ اب اپنے ایک مدبر کی مقتل میں لکھی تصنیف سے رجوع کرتے ہیں۔

ذوالفقار علی بھٹو نے ڈسٹرکٹ جیل پنڈی میں If I Am Assassinated لکھی تو ایوب خان کی جرمن عسکریت پسندی سے شیفتگی کی آڑ لے کر نہایت دقیق نکات بیان کئے۔ تاریخ کے موضوع پر بھٹو صاحب جیسا صاحب نظر ہماری قومی تاریخ میں کوئی دوسرا نہیں ہوا۔ بھٹو صاحب نے لکھا کہ نپولین کو قابو کر کے 26 ستمبر 1815کو روس، پرشیا اور آسٹریا نے ایک معاہدہ کیا لیکن کچھ برس بعد یورپ کے عوام پھر سے سڑکوں پر نکل آئے۔ معاشی حقیقت یہ تھی کہ پرشین فوج نے اپنے معاشی وسائل سے زیادہ حجم اختیار کر لیا تھا۔ پرشیا کی فوج کے سامنے تین راستے تھے۔ (الف) جنگ کے ذریعے اپنا رقبہ بڑھایا جائے، (ب) فوج کا حجم کم کیا جائے یا (ج) پرشیا کی معیشت عسکری اخراجات کے بوجھ تلے منہدم ہو جائے۔ پرشیا نے جارحیت کے ذریعے اپنے وسائل بڑھانے کی کوشش کی مگر بالآخر اسی طرح ناکام ہوئی جیسے پاکستانی فوج مختلف عسکری مہم جوئیوں میں ناکام ہوئی ۔ بھٹو صاحب کا استدلال اس قدر بصیرت انگیز تھا کہ مجھے لفظ بہ لفظ دہرانے دیں، ’تمدن کا مطلب عوام کی حکمرانی ہے۔ پاکستان کسی فوج نے فتح نہیں کیا، عوام کے ووٹوں سے قائم ہوا… آج کی دنیا میں قوم کو فوج کے ہاتھ میں دینا ایسا ہی ہے جیسے کشتی اس کے سپرد کر دی جائے جو تیرنا نہیں جانتا۔‘ جسے شہید جمہوریت کے لفظوں پر شک ہو، وہ دیکھ لے کہ معیشت ڈوب رہی ہے اور ایک کے بعد ایک آئینی ادارہ اور ریاستی منصب اپنا وقار کھو رہا ہے۔ محل سرا سازش کی فحش سرگوشی ہے، ہمارے شہید اور زندہ رہنمائوں کی قبریں ہمارا قومی سچ پورے آہنگ سے بیان کر رہی ہیں۔