مذہب اسلام کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرکے مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کرنے والی اداکارہ انعم فیاض پر تنقید کرنے والے افراد کو سابق اداکارہ نور بخاری نے کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔
نور بخاری بھی ماضی کی مقبول اداکارہ ہیں اور انہوں نے درجنوں فلموں میں بولڈ کردار تک ادا کیے تھے لیکن وہ بھی گزشتہ کچھ سال سے مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزار رہی ہیں۔
نور بخاری نے بھی چند سال پہلے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرکے دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا عہد کیا تھا اور اب وہ شوبز سے دور باپردہ زندگی گزارتی دکھائی دیتی ہیں، تاہم وہ سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں۔
نور بخاری کی طرح کچھ دن قبل اداکارہ انعم فیاض نے بھی شوبز چھوڑ کر دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا، جس پر بعض لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
انعم فیاض کی جانب سے شوبز چھوڑ کر دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کے اعلان کو بعض افراد نے مشہور ہونے کا ایک طریقہ قرار دیا تھا۔
لوگوں کی تنقید پر اگرچہ انعم فیاض نے کوئی جواب نہیں دیا، تاہم اداکارہ نور بخاری نے خاموشی توڑتے ہوئے تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیا ہے۔
نور بخاری نے انسٹاگرام اسٹوری میں ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے انعم فیاض پر تنقید کرنے والے افراد کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان سے سوال کیا کہ وہ خدا کے راستے پر چلنے والے افراد کی حوصلہ شکنی کے بجائے حوصلہ افزائی کیوں نہیں کرتے؟
نور بخاری نے کہا کہ خدا جس کو چاہے ہدایت دے اور وہ لوگ خوش نصیب ہوتے ہیںِ جنہیں خدا ہدایت دے کر اچھے راستے پر چلنے کی توفیق عطا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انعم فیاض پر تنقید کرنے والے افراد کو شرم آنی چاہیے، انہیں ایسا نہیں بولنا چاہیے کہ انہوں نے شہرت حاصل کرنے کے لیے دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا ہے۔
نور بخاری نے کہا کہ لوگوں کو شوبز چھوڑ کر خدا کے بتائے ہوئے راستے کے مطابق زندگی گزارنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ نور بخاری اور انعم فیاض کے علاوہ بھی متعدد شوبز شخصیات نے گزشتہ چند سال میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرکے دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا۔
https://instagram.com/p/Cl5ESBxIvfm/embed/captioned/?cr=1&v=13&wp=540&rd=https%3A%2F%2Fwww.dawnnews.tv&rp=%2Fnews%2F1197636%2F#%7B%22ci%22%3A1%2C%22os%22%3A1171.2999999523163%2C%22ls%22%3A282.7999999523163%2C%22le%22%3A1115.7999999523163%7D