بولی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی اہلیہ مشکل میں پڑگئیں، گوری خان کے خلاف جائیداد کی خرید و فروخت سے متعلق ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
بھارتی ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کے مطابق ممبئی کے رہائشی جسونت شاہ نے گوری خان کے خلاف مقدمہ درج کرایا، گوری خان کے خلاف سیکشن 409 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جس کمپنی کی گوری خان برانڈ ایمبیسیڈر ہیں اس نے 86 لاکھ روپے وصول کرنے کے باوجود فلیٹ کا قبضہ نہیں دیا۔
رپورٹ کے مطابق تلسیانی کنسٹرکشن کے چیف ایم ڈی انیل کمار اور ڈائریکٹر مہیش تلسیانی کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔
مقدمے میں شکایت کنندہ نے کہا کہ انہوں نے یہ فلیٹ برانڈ ایمبیسیڈر گوری خان سے متاثر ہو کر خریدا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان کا شمار بولی ووڈ کے بہترین انٹیریئر ڈیزائنرز میں ہوتا ہے اور انہوں نے سدھارتھ ملہوترا، فرح خان، رنبیر کپور اور جیکولین فرنینڈز جیسی کئی مشہور شخصیات کے گھروں کے اندرونی حصے کو سجایا ہے۔
شاہ رہ خان اور گوری خان نے 25 اکتوبر 1991 میں شادی کی تھی، ان کی اہلیہ ہندو ہیں اور دونوں کی کامیاب شادی کو 31 سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔