Site icon DUNYA PAKISTAN

امریکا خیبرپختونخوا پولیس کو جدید آلات فراہم کرے گا، ڈونلڈ بلوم

Share

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے خیبرپختونخوا پولیس کو جدید آلات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق آئی جی پولیس اختر حیات کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں ڈونلڈ بلوم نے عسکریت پسندوں سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور محکمے کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

امریکی سفیر کی قیادت میں یو ایس مشن اور انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ افیئرز (آئی این ایل) کے ایک وفد نے پولیس کے مرکزی دفتر میں اخترحیات سے ملاقات کی اور خیبرپختونخوا پولیس کی افرادی قوت اور استعداد بڑھانے کے حوالے سے آئی این ایل کی جانب سے شروع کی گئی مختلف سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی جی پولیس نے وفد کو پولیس کو فراہم کیے گئے ٹریننگ پروگرام اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش اور مؤثر طریقے سے دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے محمکمہ انسداد دہشت گردی کی تنظیم نو اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر پولیس تھانوں میں خاتون کے مسائل کو خصوصی طور پر حل کرنے کے لیے علیحدہ سے ڈیسک بنائی گئی ہیں۔

دریں اثنا، ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا نے 75 سال سے پاکستان کی معاشی ترقی اور عوام کے روشن مستقبل کی تعمیر میں مدد کی۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں زرعی شعبے کو جدید اور مضبوط کرنا تحفظ خوارک اور معاشی استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے امریکی۔فنڈڈ اکنامک ریکوری اینڈ ڈیولپمنٹ ایکٹویٹی (ای آر ڈی اے) کے آغاز کے موقع پر تقریب سے خطاب کیا۔

ای آر ڈی اے پانچ سال کا منصوبہ ہے جس پر ایسوسی ایٹس آف ڈیولپمنٹ (اے آئی ڈی) کے ذریعے عمل کیا جارہا ہے، اس کا مقصد زرعی شعبے میں جدت اور مضبوطی اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کو فروغ دے کر خیبرپختونخوا میں معاشی مواقع بڑھانا ہے۔

امریکی سفیر کے مطابق اس منصوبے سے 2 ہزار کاروباری افراد اور سیلاب سے متاثر ہونے والے لاکھوں خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اس سرگرمی سے زرعی شعبے میں نئی مصنوعات تیار کرنے میں مدد ملے گی، اس کے علاوہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ حاصل ہوگا۔

قبل ازیں، ڈونلڈ بلوم نے بتایا کہ امریکی حکومت نے 2010 کے سیلاب کے بعد خیبرپختونخوا کے سخت متاثرہ علاقوں میں آبپاشی چینلز کی بحالی میں مدد کی اور کسانوں کو اس قابل بنایا کہ وہ گندم کاشت کر سکیں اور غذائی عدم تحفظ سے بچ سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2014 سے امریکی حکومت نے نئے ضم شدہ اضلاع میں 10 لاکھ سے زیادہ بے گھر افراد کی زرعی بنیادوں پر معاش کی بحالی کے لیے مدد کی۔

Exit mobile version