این اے 122دھاندلی کیس کاتحریری فیصلہ جاری

by-election-pakistanالیکشن ٹربیونل نے لاہور کے حلقہ این اے 122 کے ریکارڈ کی چھان بین کے حوالے سے تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق الیکشن 2013ء کے دوران ڈالے گئے ایک ایک ووٹ کی گنتی کی جائے گی۔اٹھارہ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم علی ملک نے جاری کیا۔
کاظم علی ملک نے میاں غلام حسین پر مبنی ایک یک رکنی کمیشن کو پابند کیا ہے کہ الیکشن 2013ء کے دوران ڈالے گئے ایک ایک ووٹ کی گنتی کی جائے۔اس کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پریزائیڈنگ آفیسرز کو جاری کیے جانے والے فارم 14، 15 اور 16 کی بھی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
این اے 122 کے تمام ووٹوں کوانگوٹھوں کے ذریعے شناخت کیا جائے گا جبکہ گنتی کے دوران مسترد کیے جانے والے ووٹوں کی بھی جانچ پڑتال ہو گی۔الیکشن کمیشن کو پندرہ دسمبر تک اپنی رپورٹ مرتب کرکے الیکشن ٹربیونل کو پیش کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق عمران خان کی درخواست پر الیکشن ٹربیونل سیکشن 46 کے تحت ریکارڈ کی چھان بین کرے گا، جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین جانچ پڑتال کے حوالے سے پانچ لاکھ روپے فیس ادا کریں گے۔تحریری فیصلے کے مطابق چیکنگ کے عمل میں عمران خان اور سردارایاز صادق بھی حصہ لے سکیں گے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *