سجل علی کی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ ملک بھر میں ریلیز
مقبول اداکارہ سجل علی کی پہلی عالمی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو برطانیہ، آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں ریلیز کیے جانے کے بعد پاکستان بھر میں بھی ریلیز کردیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان کی تحریر و پروڈیوس کردہ فلم میں سجل علی نے ایک پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے، جس کی شادی پاکستانی نژاد برطانوی لڑکے سے ہوتی ہے۔
رومانٹک مزاحیہ فلم میں سجل علی کے علاوہ بولی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمی سمیت شہزاد لطیف اور للی جیمز نے بھی مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
Pakistanis! Go watch the sensational @Iamsajalali in our film What’s Love Got To Do With It? Out today ??? https://t.co/g4oju8KsmP
— Jemima Goldsmith (@Jemima_Khan) March 3, 2023
’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کی ہدایات بولی وڈ ڈائریکٹر شیکھر کپور نے دی ہیں جو اس سے قبل بھی ہولی وڈ فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی لڑکے شہزاد لطیف کے والدین ان کی شادی کروانا چاہتے ہیں اور وہ ڈیٹنگ ایپس سمیت رشتے کرانے والے افراد کے پاس بھی ان کے رشتے لے جاتے ہیں مگر انہیں ناکام ملتی ہے، جس کے بعد وہ ان کی شادی پاکستان میں (سجل علی) سے طے کرتے ہیں۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ شہزاد لطیف کی شادی طے ہونے پر ان کی دوست زوئی بھی ان کے ہمراہ لندن سے لاہور آتی ہیں اور ان کی شادی کے تمام تقریبات اور مراحل کو شوٹ کرکے اس پر دستاویزی فلم بناتی ہیں، جس دوران انہیں ایسے سوالات کے جوابات بھی مل جاتے ہیں جن کی وہ کئی سال سے منتظر تھیں۔
فلم میں پاکستانی اور مشرقی ثقافت کو مثبت انداز میں دکھائے جانے کے علاوہ پاکستانی شادیوں اور خصوصی طور پر ارینج میریجز کی روایات کو بھی بہتر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو پاکستان میں ریلیز کیے جانے سے قبل برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت متعدد مغربی ممالک میں ریلیز کیا گیا تھا۔
اسے سینماؤں میں پیش کیے جانے سے قبل مختلف فلم فیسٹیولز میں بھی دکھایا گیا تھا جب کہ فلم کو ستمبر 2022 میں ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا تھا۔
https://instagram.com/p/CpIp8csNAKe/embed/captioned/?cr=1&v=13&wp=540&rd=https%3A%2F%2Fwww.dawnnews.tv&rp=%2Fnews%2F1198109%2F#%7B%22ci%22%3A0%2C%22os%22%3A949.9000000059605%2C%22ls%22%3A422.2000000178814%2C%22le%22%3A466.2000000178814%7D
اگرچہ سجل علی اس سے قبل بولی وڈ فلم (موم) میں بھی کام کر چکی ہیں، تاہم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو ان کی پہلی عالمی فلم کا اعزاز حاصل ہے۔
سجل علی نے ڈراموں سے اداکاری کا آغاز کرنے کے بعد بولی وڈ فلم میں سری دیوی کے ساتھ کام کرنے سے فلم ڈیبیو کیا تھا، جس کے بعد وہ پاکستانی فلموں میں بھی دکھائی دیں۔
جمائما خان کی لکھی گئی ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کی کہانی کو پاکستانی شائقین کی جانب سے کافی سراہا جا رہا ہے جب کہ اس میں سجل علی کی اداکاری کی بھی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔