ایک غلام سے ملاقات
میری ملاقات کل اتفاقاً ایک غلام سے ہوگئی ، وہ اپنی لیمبرگینی پارک کرکے کلب میں داخل ہورہا تھا جبکہ میں کلب کی بیکری سے ڈبل روٹی خرید کر نکل رہا تھا ۔پارکنگ میں ہماری مُڈ بھیڑہوگئی۔چھوٹتےہی اُس نے اپنی غلامی کا راگ الاپنا شروع کر دیا ، اِس سے پہلے کہ وہ وہیں زار و قطار رونا شروع کردیتا میں نے اسے کافی کی دعوت دی جو اُس نے فوراً قبول کرلی۔ہم کلب کے کیفے میں بیٹھ گئے۔کافی لانے والے بیرے کو اُس نے ’ویرونا‘ کے روسٹڈ بینز کی کافی لانے کو کہا ۔ بیرا بیچارہ اُس کا منہ تکنے لگا ۔ جواب میں غلام نے بیرے سے بھی زیادہ برا منہ بنا یا اور بڑبڑانے لگا کہ نہ جانے میں کس قسم کے جاہلوں میں پھنس گیا ہوں ،امریکہ میں ہمیشہ یہی کافی پیتا تھا اور یہاں کسی کو روسٹڈ بینز کہہ دو تو ہونقوں کی طرح شکل دیکھنے لگ جاتا ہے ،کافی بنانے کی تمیز ہی نہیں ۔’’ جاؤ جاکر سادہ کافی ہی لے آؤ ،‘‘غلام نے بیرے کو ڈانٹ کر کہا۔میں نےغلام کو سمجھانے کی کوشش کی کہ یہاں اس قسم کے چونچلے نہیں ہوتے، ہم ایک غریب ملک ہیں ، یہاں کے لوگ بھی زیادہ پڑھے لکھے نہیں ، انہیں کیا پتا کہ روسٹڈ بینز کی کافی کیسے بنائی جاتی ہے، جس پر اُس مرد با کمال نے جواب دیا کہ یہی تو غلامانہ ذہنیت ہے جس سے ہمیں چھٹکارا حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔اور پھر ہماری اُس گفتگو کا آغاز ہوا جو اگلے ایک گھنٹے تک جاری رہی۔
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ میں ایک اچھے خاصے معقول آدمی کو بار بار غلام لکھ کر اُس کی توہین کیوں کر رہا ہوں تو گزارش یہ ہے کہ میں نے اسے یہ لقب نہیں دیا ۔ اِس سے پہلے جتنی مرتبہ بھی ہماری ملاقات ہوئی اُس میں موصوف نے بار بار یہی کہا کہ وہ غلام ہے اور اسے غلامی سے نجات چاہئے ۔ اِس ملاقات میں بھی یہی موضوع زیر بحث رہا۔جب اُس نے غلامی کی کچھ زیادہ ہی تکرار کی تو میں نے اُس سے پوچھ ہی لیا کہ وہ یہاں کی غلامی چھوڑ کر کسی مغربی ملک کی شہریت کیوں نہیں لے لیتا۔ جس پر اُس نے مجھے یوں دیکھا جیسے میں مریخ سے آیا ہوں۔ ’’تمہارا کیا خیال ہے کہ میں اب تک سبز پاسپورٹ پر ہی سفر کرتا ہوں۔میرے پاس برٹش پاسپورٹ ہے ۔‘‘ یہ جملہ اُس نے یوں کہا جیسے فلم دیوار میں ششی کپور نے امیتابھ بچن کو جواب دیا تھاکہ ’’میرے پاس ماں ہے ۔‘‘ اِس جواب پر مجھے اپنی حماقت اور غربت دونوں پر افسوس ہوا۔
غلام نے مجھے بتایا کہ کینیڈا میں اُس کی کچھ جائیداد ہے جو اُس نے بچوں کے نام کردی ہے ، بچے وہاں گھر تعمیر کرکے فروخت کرتے ہیں جس سے،بقول غلام کے ،دال دلیا چل جاتا ہے ۔ میں نےاُس سے پوچھاکہ پھر وہ بھی بچوں کے پاس ہی کیوں نہیں چلا جاتا۔ اِس پر اُس کی آواز گلوگیر ہوگئی ، قریب تھاکہ وہ رو پڑتا ، پا س سے ایک حسینہ گزری جسے دیکھ کر اُس نے اپنے رونے کو یوں بریک لگالی جیسے کوئی منہ بسورتا ہوا بچہ چاکلیٹ کو دیکھ کر اچانک مچلنا شروع کردیتا ہے اور پھر میری طرف متوجہ ہوکر بولا ،’’اصل میں تم تو جانتے ہو، اِس ملک میں میری جان ہے ۔‘‘
’’اِس ملک میں تو ہم سب کی جان ہے۔‘‘ میں نے اُس کی بات کاٹتے ہوئے کہا۔
’’افوہ، تم غلط سمجھے ، میرا مطلب ہے کہ پاکستان میں میری محبوبہ رہتی ہے، وہ میری جان ہے۔‘‘
’’لاحول ولا قوۃ۔‘‘
’’اِس میں لاحول ولا پڑھنے کی کیا بات ہے ، محبوبہ ہے ،شیطان تو نہیں ۔لیکن تم یہ باتیں چھوڑو اور صرف یہ بتاؤکہ ہم روس سے سستا تیل کیوں نہیں خریدتے ، آخر اِس میں کیا رکاوٹ ہے ؟‘‘غلام اپنے پسندیدہ موضوع پر گویا واپس آگیا۔میں نے غلام کو سمجھانے کی کوشش کی کہ روس نے ہم سے سستے تیل کاکوئی معاہدہ نہیں کیا۔ اِس پر غلام نے زہریلی سی مسکراہٹ کے ساتھ مجھے یوں دیکھاجیسے عموماً کوئی اپنےمخالف کو احمق سمجھ کردیکھتا ہے ۔’’اصل میں ہم لوگوں میں غیرت نام کی کوئی چیز نہیں ، ہم امریکہ اور یورپ کے غلام بن چکے ہیں ، ہمیں غلامی کی یہ زنجیریں توڑ نی ہوں گی، اپنے فیصلے خود کرنے چاہئیں، اے طائر لا ہوتی اُس رزق سے موت اچھی۔۔ ۔‘‘غلام بولتا جا رہا تھا اور میں اُس کی باتوں پر سر ہلا رہا تھا ۔ اُس کی تقریر میں وقفہ اُس وقت آیا جب بیرا کافی لے کر آگیا، اسے دیکھ کر ایک مرتبہ پھر غلام کا منہ بن گیا اور اُس نے زیر لب بیرے کو انگریزی میں گالی بھی دی اور پھرکافی کی چُسکی لے کر حقارت سے بولا’’تم لوگ اِس گرم مشروب کو کافی کہتے ہو! کبھی ورجینیا آنا ، اپنے ہاتھ سے کافی پلاؤں گا ، پھر تمہیں پتا چلے گاکہ کافی کیا ہوتی ہے ۔‘‘ میں نے پھر ہاں میں سر ہلا دیا۔
’’ایک بات توبتاؤ۔‘‘ میں نے اُس غلام کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے کہا۔
’’پوچھو۔‘‘
’’کیا تم واقعی خود کو غلام سمجھتے ہو؟‘‘
’’بالکل، اِس میں بھلا کیا شک ہے ، پوری قوم ہی غلام ہے ۔‘‘
’’پوری قوم کس کی غلام ہے ؟‘‘
’’امریکہ ، برطانیہ، یورپ ، مغربی سامراج کی غلام ہے، کیا تمہیں نظر نہیں آتا؟‘‘ غلام نے قدرے چِڑ کر کہا۔
’’ہاں ، نظر آتا ہے ، مگر ساتھ ہی یہ بھی نظر آتا ہے کہ تم لوگ غلامی اور غیرت کا ڈھول اِس لئےپیٹ رہے ہو کیونکہ دل میں تم جانتے ہو کہ اِس قوم کے اصل مجرم تم ہو، تمہیں بس اپنے ضمیر کو مطمئن کرنے کے لئے ایک نعرے کی ضرورت ہےاور یہ نعرہ لگا کر تم اپنے تمام جرائم اور گناہوں پر پردہ ڈالنا چاہتے ہو، تمہاری رعونت کا یہ عالم ہے کہ کروڑوں روپوں کی گاڑیوں میں گھومتے ہو، مغربی ممالک کی شہریت رکھتے ہو، جائیدادیں بناتے ہو اور یہاں کے غریبوں اور محنت کشوں کو جانوروں کی طرح ٹریٹ کرتے ہو، اور جب رات کو تمہارا ضمیر کچوکے لگاتا ہے تو اسے سمجھاتے ہو کہ تم تو دراصل غلامی سے نجات کی جنگ لڑ رہے ہو، تم غلام نہیں آقا ہو کیونکہ اگر تم سچ مچ کے غلام ہوتے تو جلیانوالہ باغ میں کسی انگریز فوجی کی گولی کا نشانہ بن چکے ہوتے۔‘‘
میری زہر آلود باتوں کے جواب اُس نام نہاد غلام نے کچھ بولنا چاہا مگر میں نے ہاتھ کے اشارے سے اسے روک دیا۔بیرا بل لے آیا تھا۔ میںنےبِل ادا کیا اور غلام کو کلب میں چھوڑ کرباہر نکل آیا۔سنا ہے وہ غلام آج کل گرمیاں گزارنے کینیڈا گیا ہوا ہے۔