ملک کے مختلف شہروں میں رات کو آنے والے 6.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں خیبر پختونخوا میں 9 افراد جاں بحق اور 44 زخمی ہوگئے۔
ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اب تک کی اطلاعات کےمطابق صوبہ بھر میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے اپڈیٹس
— PDMAKP OFFICIAL (@PDMAKP) March 21, 2023
خیبر پختونخوا میں زلزلے سےحادثات کےنتجے 9 افراد جابحق ہوئے ۔
۔مختلف حادثات کےنتجےمیں 44 افراد زخمی ہوئے۔
اب تک کی اطلاعات کےمطابق صوبہ بھر میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
سیکریٹری ریلیف عبدالباسط اور ڈی جی پی ڈی ایم اے ایمرجنسی آپریشن سنٹر میں موجود pic.twitter.com/LdpORywkIw
بیان کے مطابق سیکریٹری ریلیف عبدالباسط اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پی ڈی ایم اے ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں موجود ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو رات 9 بج کر 47 منٹ پر آنے والے زلزلے کے جھٹکوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.8 محسوس کی گئی تھی۔
زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا علاقہ تھا جس کی گہرائی 180کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، لاہور، پشاور، جہلم، شیخوپورہ، سوات، نوشہرہ، ملتان، شانگلہ، کوئٹہ، بہاولپور ،لودھراں، ڈیرہ غازی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار، کرک ،لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ ،اسکردو اور چلاس سمیت دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز افغانستان کے علاقے جرم کے جنوب مغرب میں 40کلومیٹر دور تھا۔
Notable quake, preliminary info: M 6.5 – 40 km SSE of Jurm, Afghanistan https://t.co/wxZ5D1GFQs
— USGS Earthquakes (@USGS_Quakes) March 21, 2023
وزیراعظم شہباز شریف نے زلزلے سے اموات پر رنج وغم اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اپنے اپنے علاقوں میں فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے سے نقصانات پر اظہار افسوس
— PMLN Punjab (@PMLNPunjabPk) March 21, 2023
وزیراعظم کا زلزلے سے اموات پررنج وغم اور افسوس ، متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت
وزیراعظم کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اپنے اپنے علاقوں میں فوری اقدامات کی ہدایت#earthquake
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے ساتھ ساتھ افغانستان کے دارالحکومت کابل اور پڑوسی ملک بھارت کے شہر نئی دہلی میں بھی محسوس کیے گئے۔
ادھر ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ ریسکیو1122 ہائی الرٹ ہے اور کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کے دوران خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔