آسٹریلیا نے ایڈم زامپا کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت بھارت کو دلچسپ مقابلے کے بعد 21 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔
آسٹریلین اوپنر ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش نے اپنی ٹیم کو 68 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن اس مرحلے پر ہردک پانڈیا کے عمدہ اسپیل نے آسٹریلیا کو کچھ ہی وقفے سے تین وکٹیں دلا دیں۔
پانڈیا نے پہلے 33 رنز بنانے والے ٹریوس ہیڈ کو چلتا کیا اور پھر اپنے اگلے اوور میں کپتان اسٹیون اسمتھ کی اننگز کا کھوتا کھولنے سے قبل ہی خاتمہ کردیا۔
بھارتی ٹیم کے نائب کپتان نے اپنے اگلے اوور میں ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے 47 رنز بنانے والے مچل مارش کی وکٹ لے کر آسٹریلیا کو تیسرا نقصان پہنچایا۔
85 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبوشین نے میدان سنبھالا اور دونوں نے مل کر اسکور کو 125 تک پہنچا دیا۔
پانڈیا کے بعد کلدیپ یادیو نے آسٹریلیا کی وکٹیں گرانے کی ذمے داری سنبھالی اور ڈیوڈ وارنر کے بعد لبوشین کا بھی کام تمام کردیا۔
138 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد مارکس اسٹوئنس کا ساتھ دینے ایلکس کیری آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 58 رنز کی ساجھے داری بنائی۔
اختتامی بلے بازوں نے بھی بلے سے جوہر دکھاتے ہوئے قیمتی رنز جوڑے جس کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم اسکور بورڈ پر 269 رنز کا مجموعہ سجانے میں کامیاب رہی۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش نے 47، ایلکس کیریر نے 38، ٹریوس ہیڈ نے 33 اور مارنس لبوشین نے 28 رنز کی اننگز کھیلیں۔
بھارت کی جانب سے پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے تین، تین جبکہ محمد سراج اور اکشر پٹیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز نے بھی پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 65 رنز کا عمدہ کی بنیاد رکھی لیکن اسی اسکور پر کپتان روہت شرما 30 رنز بنانے کے بعد شان ایبٹ کی وکٹ بن گئے۔
اسکور 77 تک ہی پہنچا تھا کہ ایڈم زامپا نے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلاتے ہوئے شبمن گِل کو چلتا کردیا۔
We have a new World No.1 ?
— ICC (@ICC) March 22, 2023
Australia climb to the top of the @MRFWorldwide ICC Men's ODI Team Rankings after the series victory against India ?
?: https://t.co/CXyR2x0PJJ pic.twitter.com/Ujz1xrWpw0
اس مرحلے پر ویرات کوہلی کا ساتھ دینے لوکیش راہُل آئے اور دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 69 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، زامپا نے ایک اور کاری وار کرتے ہوئے راہُل کی 32 رنز کی اننگز کے آگے فُل اسٹاپ لگا دیا جبکہ چند رنز کے اضافے سے اکشر پٹیل بھی رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
ویرات کوہلی دوسرے اینڈ سے ڈٹے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن ایشٹن ایگار نے وارنر کی مدد سے سابق کپتان کی 54 رنز کی اننگز کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ اگلی ہی گیند پر سوریا کمار یادیو کو بولڈ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، سوریا کمار لگاتار تیسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔
ہردک پانڈیا نے 40 رنز کی جارحانہ باری کھیلی لیکن ان کی اننگز بھی بھارت کو فتح ی دہلیز پار نہ کرا سکی اور پوری ٹیم آخری اوور میں 248 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
What a game ?
— ICC (@ICC) March 22, 2023
Australia clinch the decider in Chennai to bag the ODI series 2-1 ?#INDvAUS | ?: https://t.co/ugxHxHyT1z pic.twitter.com/5kU9WRDiYP
آسٹریلیا نے میچ میں 21 رنز فتح سمیٹ کر سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
ایڈم زامپا کو 45 رنز کے عوض پر پانچ وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں 194 رنز بنانے والے مچل مارش کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
اس میچ اور سیریز میں فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ون ڈے کرکٹ میں عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔