پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو کنسلٹنٹ ٹیم ڈائریکٹر اور گرانٹ بریڈبرن کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مصدقہ ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے مکی آرتھر کو کنسلٹنٹ ٹیم ڈائریکٹر اور گرانٹ بریڈبرن کو ہیڈ کوچ بنانے کے لیے معاہدے کرلیا ہے۔
اس حوالے سے ڈان کوموصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے تمام 6 کوچز غیرملکی ہوں گے، ان میں سے 4 نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے آغاز سے قبل ٹیم جوائن کریں گے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کے خلاف سیریز 14 اپریل سے شروع ہوگی، جس میں 5 ٹی20 انٹرنیشنل اور ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیم کے ساتھ دو غیرملکی کوچز پہلے ہی کام کر رہے ہیں، جن میں کلف ڈیکون (فزیو) اور ڈریکوس سائیمن (اسٹرینتھ اور کنڈیشنگ کوچ) شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ باؤلر مورنے مورکل باؤلنگ اور اینڈریو پوٹیک بیٹنگ کوچ ہوں گے۔
پاکستانی ٹیم کی 2017 میں چمپیئنز ٹرافی کوچنگ کرنے والے مکی آرتھر سیریز کے آغاز سے قبل مختصر دورہ کریں گے اور اپنے منتخب کیے گئے کوچنگ پینل کو بریفنگ دیں گے۔
مکی آرتھر مختصر دورے کے بعد واپس ڈربی شائر جائیں گے جہاں وہ ہیڈ کوچ کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
قومی ٹیم کے کنسلٹنٹ ستمبر میں ورلڈ کپ کی تیاریوں کے دوران دوبارہ پاکستان آئیں گے۔
رپورٹ کے مطابق مورنے مورکل فوری طور پر پاکستان نہیں آئیں گے اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں وہ کوچنگ پینل کا حصہ نہیں ہوں گے کیونکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ایک ٹیم کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔
غیرملکی کوچنگ پینل کے معاہدے کے دورانیے کے حوالے سے تفصیلات معلوم نہیں ہو سکیں۔
یاد رہے کہ پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ڈان کو جنوری میں تصدیق کی تھی کہ مکی آرتھر کی قومی ٹیم کے کنسلٹنٹ کی حیثیت سے واپسی ہو رہی ہے۔
نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ بطور کنسلٹنٹ کام کرنے کے لیے مکی آرتھر سے حتمی بات چیت ہو چکی ہے اور وہ اپنی مرضی سے خود سپورٹ اسٹاف کا انتخاب کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تین عہدیداروں کا انتخاب ہو چکا ہے اور دو کا باقی ہے لیکن وہ جیسے ہی مزید سپورٹ اسٹاف کے ناموں کا اعلان کرتے ہیں، ہم ان کی سروسز حاصل کر لیں گے۔
اس سے قبل نجم سیٹھی کی جانب سے بورڈ کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد امید کی جارہی تھی کہ مکی آرتھر کی ایک مرتبہ پھر بطور ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ میں واپسی ہوگی۔
پی سی بی نے مکی آرتھر سے بات چیت کے سلسلے کی تصدیق کی تھی لیکن پھر اس طرح کی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ مکی آرتھر کے انگلش کاؤنٹی ڈربی شائر کے ساتھ معاہدے کے سبب یہ بات چیت آگے نہیں بڑھ سکی۔