Site icon DUNYA PAKISTAN

ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کے میچز بنگلہ دیش میں منعقد کرانے پر غور

Share

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے جانے کی تجویز کے بعد اب دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ورلڈ کپ 2023 کے درمیان ہونے والے میچز بھی بنگلہ دیش میں منعقد کرانے کی تجویز زیر غور ہے۔

یہ تجویز دبئی میں ہونے والے اجلاس میں پیش کی گئی جس میں ایشیا کپ میں بھارت کی شرکت اور پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت جیسے امور دونوں اراکین کے ایجنڈے کا حصہ تھے۔

پاکستان کی ٹیم ایشیا کپ کی میزبان ہے لیکن بھارت کی ٹیم دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی تناؤ کے سبب میچز نیوٹرل مقام پر کھیلنے پر مصر ہے۔

اسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے بھی ورلڈ کپ میں کھیلے جانے والے میچز بھارت میں نہ کھیلنے کی شرط عائد کردی ہے کیونکہ اس سال ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کرے گا۔

ابھی تک اس معاملے پر کوئی رسمی بات چیت نہیں ہوئی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ بھارت پر واضح کر چکا ہے کہ اگر ایشیا کپ میں بھارت کی ٹیم پاکستان آ کر نہیں کھیلے گی تو اس کے ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ آئندہ سال ہونے والئی چیمپیئنز ٹرافی پر بھی اثرات مرتب ہوں گے۔

ایشین کرکٹ کونسل نے اصولی طور پر ہائبرڈ ماڈل پر عمل کرنے پر اتفاق کیا تھا جس کے تحت ایشیا کپ کا انعقاد تو پاکستان میں ہو گا لیکن بھارت کے ایشیا کپ میں ہونے والے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے۔

بھارت سے ایشیا کپ کے میچز کے انعقاد کے لیے عمان، سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور انگلینڈ جیسے مقامات زیر غور ہیں اور اگر بھارت کی ٹیم فائنل میں پہنچتی ہے تو بھی میچ نیوٹرل مقام پر ہی کھیلا جائے گا۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ اگر ایشیا کپ میں بھارت کے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے تو پھر یہی ماڈل ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچز پر بھی لاگو ہو گا۔

ون ڈے ورلڈ کپ رواں سال 5 اکتوبر سے بھارت کے دس شہروں میں منعقد ہو گا اور پاکستان کے میچز کی میزبانی کے لیے بنگلہ دیش کا نام تجویز کیا گیا ہے کیونکہ بھارت کے لیے وہاں میچز کا انعقاد کرانا دیگر ممالک کی نسبت آسان ہو گا۔

Exit mobile version