پاکستان

سابق آرمی چیف نے ’ڈان لیکس‘ کا معاملہ اپنی توسیع کیلئے اچھالا، جنرل (ر) قمر باجوہ

Share

سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ 2016 میں شائع ہونے والی ہنگامہ خیز خبر میں کوئی چیز مصدقہ نہیں تھی اور دعویٰ کیا کہ اس معاملے کو ان کے پیش رو نے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف سے توسیع لینے کے لیے اچھالا تھا۔

 رپورٹ کے مطابق یہ دعویٰ صحافی شاہد متیلا کو دیے گئے سابق آرمی چیف کے انٹرویو کی دوسری قسط میں سامنے آیا جو بدھ کو ویب سائٹ پاکستان24 ڈاٹ ٹی وی میں شائع ہوئی۔

صحافی نے اپنے تازہ مضمون میں دعویٰ کیا کہ سابق آرمی چیف نے ’ڈان لیکس‘ تنازعے کو مسترد کر دیا جیسا کہ اس سے قومی سلامتی کے لیے ممکنہ خطرے کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔

ڈان کی خبر میں ملک کی سویلین اور فوجی قیادت کے درمیان اجلاس کے حوالے سے بتایا گیا تھا، جہاں حکومت نے فوجی قیادت سے کہا تھا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں یا ملک کو عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

خبر شائع ہونے کے بعد سول اور ملیٹری عہدیداروں نے کہا تھا کہ یہ خبر ’من گھڑت اور فرضی‘ ہے اور اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں خفیہ ایجنسیوں کے عہدیداروں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

صحافی شاہد متیلا کے مطابق سابق آرمی چیف نے ایک سوال پر بتایا کہ ’درحقیقت ڈان لیکس کچھ بھی نہیں تھیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’لیکن جب کبھی میں ان سے، جونیئر افسران سے ملتا تھا تو اس (تنازع) حوالے سے پوچھا جاتا تھا، اس کے بعد میں نے اس وقت کے وزیرداخلہ چوہدری نثار اور وزیرخزانہ اسحٰق ڈار سے بات کی اور تجویز دی کہ وہ ڈان لیکس کے معاملے میں مبینہ طور پر ملوث صحافیوں کا کیس سی پی این ای کو بھیج دیں کیونکہ میں اس چھتے پر ہاتھ نہیں ڈالنا چاہتا تھا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’دیگر کے خلاف انتظامی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا، نواز شریف پرویز رشید کے حوالے سے راضی نہیں تھے لیکن آخر میں اتفاق کرلیا تھا، پھر یہ فیصلہ ہوا کہ پرویز رشید اور طارق فاطمی کو معطل کردیا جائے‘۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے نواز شریف سے ہونے والی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سابق وزیراعظم نے میرے پیش رو جنرل راحیل شریف کے بارے میں بتایا کہ وہ سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس آئی رضوان اختر کے ہمراہ تین سال کی توسیع پر زور دے رہے تھے۔

انٹرویو میں جنرل باجوہ کو یہ کہتے ہوئے رپورٹ کیا گیا کہ ’جب میں نے نواز شریف سے ڈان لیکس سے متعلق بات کی تو انہوں نے مجھے بتایا کہ جب بھی جنرل راحیل شریف اور جنرل رضوان اختر ان سے ملنے آتے تھے تو وہ جنرل راحیل شریف کو تین سال کی توسیع دینے پر زور دیتے تھے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جنرل راحیل شریف کی موجودگی میں جنرل رضوان اختر سابق آرمی چیف کی تین سال کے لیے توسیع کی بات کرتے تھے لیکن ان کے پیچھے وہ صرف ایک سال کی بات کرتے تھے کیونکہ وہ خود کو جنرل راحیل شریف کے بعد آرمی چیف کے طور پر دیکھتے تھے‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اس انٹرویو کی پہلی قسط شائع ہونے کے بعد کئی سینئر صحافیوں اور براڈ کاسٹرز نے جنرل(ر) قمر جاوید باجوہ سے رابطہ کیا تھا اور انہوں نے سابق آرمی چیف کے دعوے سے متعلق بتایا کہ انہوں نے شاہد متیلا کو انٹرویو دینے کی تردید کر دی ہے۔

اس سے قبل کہا گیا تھا کہ جنرل قمرجاوید باجوہ کئی سینئر صحافیوں سے نجی سطح پر گفتگو کر چکے ہیں، جن میں سے کئی صحافیوں نے سابق آرمی چیف کے ساتھ ان کی گفتگو شائع کی اور اس کی تردید بھی نہیں ہوئی تھی۔