فیچرز

مائیکل جارڈن: دنیا کا سب سے مہنگا جوتوں کا جوڑا 63 کروڑ روپے میں نیلام

Share

جوتوں کا ایک جوڑا، جو کبھی باسکٹ بال کے کھلاڑی مائیکل جارڈن پہنا کرتے تھے، ایک بولی میں 2.2 ملین امریکی ڈالر یعنی 63 کروڑ روپے سے زیادہ قیمت پر فروخت ہوا ہے اور اس اعتبار سے دنیا کا سب سے مہنگا جوتوں کا جوڑا بن گیا ہے۔

واضح رہے کہ ان جوتوں پر مائیکل جارڈن کے دستخط بھی موجود ہیں اور بولی لگانے والی کمپنی سوتھبیز کا خیال تھا کہ اس کی فروخت سے دو سے چار ملین ڈالر تک حاصل ہوں گے۔

واضح رہے کہ جوتوں کا یہ جوڑا مائیکل جارڈن کی ملکیت میں رہنے والی پہلی چیز نہیں جس کی اتنی زیادہ بولی لگی ہو۔

اس سے قبل 2022 میں ان کی ایک جرسی، جو انھوں نے 1998 کے این بی اے فائنلز میں زیب تن کی تھی، 10.1 ملین ڈالر کی فروخت ہوئی تھی۔

تازہ ترین بولی نے مائیکل جارڈن کو کھیلوں کے یادگاری سامان کی بولی کے حساب سے سب سے زیادہ اہم بنا دیا ہے۔

سوتھبیز کے براہم واچر نے اس بولی کے بعد کہا کہ ’یہ ریکارڈ توڑ نتیجہ ثابت کرتا ہے کہ مائیکل جارڈن کے زیر استعمال رہنے والی چیزوں کی کتنی مانگ ہے جو تمام توقعات سے زیادہ بہتر نتائج دیتے ہیں۔‘

اس سے قبل مائیکل جارڈن کے ہی جوتوں کا ایک اور جوڑا 2021 میں تقریبا ڈیڑھ ملین ڈالر کا فروخت ہوا تھا۔

منگل کے دن مائیکل جارڈن کا جو جوڑا فروخت ہوا اس کا نام ایئر جارڈن تھرٹینز ہے اور یہ جوتے انھوں نے شکاگو بلز کی ٹیم کے ساتھ 1997-1998 میں اپنی آخری چیمپیئن شپ کے دوران پہنے تھے۔

جارڈن

واضح رہے کہ 1998 کی این بی اے فائنلز سیریز میں جارڈن نے یہی جوتے پہن کر شکاگو بلز کو یوٹاہ کے خلاف دوسری گیم میں فتح سے ہمکنار کروایا تھا جس میں مجموعی 93 سکور میں سے 37 پوائنٹ ان کے تھے۔

شکاگو بلز نے بعد میں یہ چیمپیئن شپ جیت لی تھی اور مائیکل جارڈن کی شکاگو بلز کے ساتھ اس آخری سیریز پر 2020 میں ’لاسٹ ڈانس‘ کے عنوان سے ایک دستاویزی سیریز بھی بنی تھی۔

مائیکل جارڈن کے لیے یہ چھٹی این بی اے چیمپیئن شپ فتح تھی اور ایسا پانچویں بار ہوا کہ ان کو این بی اے کا موسٹ ویلیوایبل پلیئر قرار دیا گیا۔

سوتھبیز آکشن ہاؤس نے بتایا ہے کہ جوتوں کا یہ جوڑا جو اب دنیا کا سب سے مہنگا جوڑا بن چکا ہے، مائیکل جارڈن نے دوسری گیم میں فتح کے بعد ایک بال بوائے کو بطور شکریہ دے دیا تھا جس نے ان کی کھوئی ہوئی ایک جرسی تلاش کر کے دی تھی۔

یاد رہے کہ مائیکل جارڈن کے نام سے شناخت پانے والا ایئر جارڈن جوتا انھوں نے پہلی بار 1984 میں پہنا تھا اور اس سے اگلے سال یہ جوتا عام صارفین کے لیے بھی مارکیٹ میں دستیاب ہوا۔

اب تک ایئر جارڈن جوتے کے 30 سے زیادہ ماڈل تیار کیے جا چکے ہیں۔

دنیا کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار کیے جانے والے مائیکل جارڈن نے چھ بار این بی اے فائنلز چیمپیئن شپ، دو بار اولمپک گولڈ میڈل اور متعدد دیگر ایوارڈ جیت رکھے ہیں۔