ویڈیوز

عید الفطر پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں

Share

اگرچہ پاکستان کی فلمی صنعت آج سے تین سال قبل زوال کی انتہائی حدوں کو چھو رہی تھی لیکن اب یہ انڈسٹری بہتری کی جانب گامزن ہے۔

پڑوسی ملک بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی فلم انڈسٹری بہت چھوٹی ہے، کیونکہ بھارت کے مقابلے پاکستان میں کم بجٹ کی فلمیں تیار کی جاتی ہیں۔

یہاں عید جیسے تہوار ہی فلمسازوں کی کامیابی کے لیے بہترین موقع ہوتے ہیں کیونکہ شائقین اسی موقع پر سینما کا زیادہ رخ کرتے ہیں۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی سینما گھروں میں فلمیں ریلیز کی جائیں گی، اس عید پر 5 فلمیں سینما گھروں میں دھوم مچائیں گی۔

رومانس سے لے کر ایکشن تک، پراسرار ڈکیتی اور کچھ پنجابی تڑکے کے ساتھ اس عید پر شائقین کو بہت کچھ دیکھنے کو ملے گا۔

شائقین چار اردو، ایک پنجابی زبان میں فلم دیکھ سکیں گے۔

1۔ منی بیک گارنٹی

پاکستان کی میگا بجٹ فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کی اس سال سب سے زیادہ دھوم ہے، جس میں معروف اداکار فواد خان، جاوید شیخ، میکال ذوالفقار، گوہر رشید، عائشہ عمر اور دیگر کئی اداکاروں کاسٹ میں شامل ہیں۔

فلم کی خاص بات یہ ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شہنیرا اکرم ڈیبیو دے رہے ہیں۔

جبکہ فلم کے ہدایت کار معروف کمرشل ڈائریکٹر فیصل قریشی ہیں جنہوں نے سیولر کمپنی کے لئے بے شمار مزاحیہ کمرشلز تخلیق کیے۔

فواد خان گزشتہ سال ریلیز ہونے والی سپر ہٹ پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے مقابلے ’منی بیک گارنٹی‘ میں بالکل مختلف کردار ادا کریں گے۔

فلم کی کہانی ایک بینک ڈکیتی کے پس منظرمیں ہے، یہ فلم 7 افراد کی زندگیوں کے گرد گھومتی ہے،کہا جارہا ہے کہ یہ فلم نہ صرف پاکستانیوں کے لیے بلکہ پوری دنیا کے لوگوں سے متعلق ہے۔

فلم کی شوٹنگ بنیادی طور پر پاکستان میں کی گئی تاہم کچھ مناظر تھائی لینڈ میں بھی شوٹ کیے گئے۔

اس فلم کوسال کی سب سے بڑی اور مہنگی فلم قرار دیا جارہا ہے۔

2۔ ہوئے تم اجنبی

شاہد فلمز اور مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے زیر اہتمام بنائی گئی فلم ’ہوئے تم اجنبی‘ میں میں میکال ذوالفقار اور سعدیہ خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

یہ فلم معروف اینکر و ہدایت کار اور اداکار شاہد کے صاحبزادے کامران شاہد نے تحریر کی ہے۔

فلم کی کہانی میں ناظرین کو 1971 کی جنگ کے پس منظر میں ہونے والی ان کہی محبت کی داستانوں میں واپس آنے کا موقع فراہم کیاگیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اس میں سب سے زیادہ دلکش رومانوی کہانیوں میں سے ایک کو غیرمعمولی فلیش بیک کے ساتھ ناظرین کو پیش کیا گیا ہے۔

فلم میں سہیل احمد، محمود اسلم، شفقت چیمہ، ثمینہ پیرزادہ، عائشہ عمر، شمعون عباسی، علی خان اور فلمسٹار شاہد جیسے پسندیدہ اور تجربہ کار فنکار بھی مختلف کرداروں میں جلوہ افروز ہوں گے۔

3۔ ڈور

ندیم چیمہ کی ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور فلم ’ڈور‘ بھی اس سال ریلیز کی جائے گی۔ فلم کے نمایاں ستاروں میں اسد محمود، سلیم معراج اور شفقت چیمہ شامل ہیں۔

یہ فلم ایکشن سے بھرپور ہوگی جس میں لڑائی، بندوقوں اور رومانوی سین بھی دکھائے گئے ہیں۔

4۔ دلدل

ایکشن کے متوالوں کے لیے کراچی کے انڈر گراؤنڈ کلچر پر مبنی کرائم تھرلر فلم ’دلدل‘ بھی ریلیز کی جائے گی

فلم کے ہدایت کار ابو علیحہ ناظرین کو مسلسل تفریحی کہانیاں فراہم کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے کئی سالوں میں متعدد فلمیں بنائی ہیں جس میں انڈسٹری کے بڑے ناموں نے دلچسپ اور مخصوص کہانیوں کے ساتھ اداکاری کی ہے۔

دلدل بھی انہی کا شاہکار ہےجس میں اداکارہ سونیا حسین مرکزی کردار نبھا رہی ہیں۔

فلم کے ٹریلر کے مطابق سونیا حسین خطرناک کاموں میں ملوث امیر لوگوں کے ایک گینگ کو قتل کرتے نظر آتی ہیں، اس دوران ان کا پیچھا انسپکٹر کرتے ہیں جس کا کرادر محسن عباس حیدر کررہے ہیں۔

فلم میں شمعون عباسی، مائرہ خان، رضوان جعفری اور عدنان شاہ ٹیپو بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

لاہور قلندر

اس عید پر پنجابی فلمیں بھی ریلیز ہوں گی جن میں شاہد رانا کی فلم ’لاہور قلندر‘ ہے۔

اس فلم میں صائمہ نور کے ساتھ بنتو بٹ، شفقت چیمہ اور شہریار چیمہ بھی جلوہ گر ہوں گے۔

فلم کی کاسٹ اور پروڈیوسرز کامیابی کے لیے پرعزم ہیں جن کا دعویٰ ہے کہ فلم شائقین کے دل جیتنے میں کامیاب ہوگی۔